چیف جسٹس نے تنخواہ نہ ادا کرنے والے میڈیا ہاوسز کے مالکان کو آج لاہوررجسٹری میں طلب کرلیا

اتوار 10 جون 2018 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان سپریم کورٹ نے تنخواہ نہ ادا کرنے والے میڈیا ہاوسز کے مالکان کو آج(سوموار ) 2بجے لاہوررجسٹری میں طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ بھیک مانگیں یا قرض لیں تنخواہ ادا کریں۔عدالت نے ملازمین کو تحفظ بھی فراہم کردیا تنخواہ کا تقاضا کرنے والے کسی ملازم کو نہ نکالا جائے۔

چیف جسٹس آف پاکستان سپریم کورٹ آج صبح پی ایف یو جے کے صدر پرویز شوکت پیش ہوئے۔ پرویز شوکت کے ہمراہ پی ایف یو جے کے ایگزیکٹو ممبر سید یاسر بخاری اور پی یو جے کے صدر ضیااللہ خان نیازی ،جنرل سیکرٹری پی یو جے شہباز اکمل، آر آئی یو جے کے سیکرٹری محمد زاہد خان آرآئی یو جے کے جوائنٹ سیکرٹری ناصر خان خٹک اور عابد خورشید،شکیل قرار،پریس ایسوسی ایشن کے صدر طیب بلوچ صاحب بھی تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر پرویز شوکت نے عدالت کو بتایا کہ کچھ مالکان میڈیا ورکرز کو تنخواہیں ادا نہیں کر رہے اور عید سرپر ہے یہ ورکرز عید کیسے کرینگے ،سپریم کورٹ سے گزارش ہے وہ فوری حکم دے میڈیا ورکرز کو عید سے پہلے تنخواہیں ادا کریں اور جو ورکرز تنخواہ کی مانگ کرے اسے نوکری سے بھی نہ نکالا جائے ۔ جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے تنخواہ نہ ادا کرنے والے میڈیا ہاوسز کے مالکان کو آج (سوموار) 2بجے لاہوررجسٹری میں طلب کرلیا۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بھیک مانگیں یا قرض لیں تنخواہ ادا کریں،عدالت نے ملازمین کو تحفظ بھی فراہم کردیا تنخواہ کا تقاضا کرنے والے کسی ملازم کو نہ نکالا جائی۔