سی پیک کے تحت چاروں صوبوں میں9صنعتی زونز سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ‘راجہ عدیل

پیر 11 جون 2018 14:02

سی پیک کے تحت چاروں صوبوں میں9صنعتی زونز سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) تاجر رہنما انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے سے پاکستان میں چین کے تعاون سے صنعتی انقلاب برپا ہوگا اس مرحلہ میں ملک کے چاروں صوبوں میں 9صنعتی زونز سے ملک بھر میں غیر ملکی سرمایہ کار ی میں اضافہ ہوگا ان صنعتی زونز میں نئی انڈسٹریز کے قیام سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ عدیل نے وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی پیکیج کے تحت ڈیوٹی و ٹیکسوں میں خصوصی رعایت سمیت دیگر مراعات دینے کے اصولی فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک زونز میں سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی پیکیج سے ملک بھر میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ،نئی قائم کی جانیوالی انڈسٹریل اسٹیٹس کو سپیشل اکنامک زونزکا درجہ دینے سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی جس سے ملک معاشی طور پر مستحکم ہوگا اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چین کے سرمایہ کاری ملک میں سٹیل،توانائی،ٹیکسٹائل ،آٹوسیکٹرکے شعبہ میں دلچسپی لے رہے ہیں،گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔اور تمام پلاٹ فروخت ہوگئے ہیں اور یہاں سٹیل،پیٹروکیمیکلزاور دیگر صنعتوں کے قیام پر کام شروع ہوگیا ہے۔