کالا باغ ڈیم ملک کیلئے اہمیت کا حامل ،مشترکہ سوچ سے بنے گا، علی ظفر

صوبوں کے درمیان مختلف رائے کی وجہ سے بنانے میں دشواری کا سامنا ہے،صوبوں نے کالا باغ ڈیم کے بارے میں مختلف رائے دی ہوئی ہیں، اسے چھوڑ نہیں سکتے، اس بارے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی وفاقی وزیر توانائی کی پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو

پیر 11 جون 2018 16:13

کالا باغ ڈیم ملک کیلئے اہمیت کا حامل ،مشترکہ سوچ سے بنے گا، علی ظفر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) وفاقی وزیر توانائی علی ظفر نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم ملک کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے لیکن صوبوں کے درمیان مختلف رائے کی وجہ سے اس کے بنانے میں دشواری کا سامنا ہے،صوبوں نے کالا باغ ڈیم کے بارے میں مختلف رائے دی ہوئی ہیں اسے چھوڑ نہیں سکتے، اس بارے میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

پیر کو پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی علی ظفر نے کہا کہ پانی کے سلسلے میں ملک بھر کے ماہرین سے مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ملک بھر سے نامور ماہرین کو بلا کر رائے طلب کی جا رہی ہے تا کہ کوئی واضح پالیسی بنا سکیں،اسی سلسلے میں آج اور کل وزارت میں مشاورتی عمل جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے،پانی کی دو اقسام ہیں جن میں ایک پینے کا پانی اور دوسرا استعمال کرنے کیلئے شامل ہے، عوام میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ پانی خرچ کرنے میں احتیاط برتیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتوں کے دوران اس مسئلے کو اس شدت سے نہیں اٹھایا گیا جس کی ضرورت تھی،اب مختلف یونیورسٹیوں میں اس سلسلے میں کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کالا باغ ڈیم نہیں بن جاتا اس کے متبادل ڈیموں پر غور کرنا ہو گا،چیف جسٹس ثاقب نثار نے کالا باغ ڈیم کے متعلق از خود نوٹس لیا ہوا ہے جسے اب مختلف ڈیموں کے بارے میں ماہرین سے مشاورت کی جا رہی ہے اور ہمیں بھی چیف جسٹس نے اس بارے میں متبادل سکیمیں اور ڈیموں وغیرہ کے بارے میں آگاہ کرنے کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے مسئلے کو دفن نہیں کرنااور اسے صوبوں کی مشاورت کے بغیر بنانا بھی نہیں، کالا باغ ڈیم مشترکہ سوچ سے بنے گا۔