حکومت پر امن، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی،علائو الدین مری

ہمارے کندھوں پر ایک بڑی ذمہ داری ہے،نگراں وزیراعلی بلوچستان

منگل 12 جون 2018 18:38

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ حکومت پر امن، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی، ہمارے کندھوں پر ایک بڑی ذمہ داری ہے جسے ایمانداری سے پورا کرنے کے لئے ہم سب کو محنت اور لگن سے کام کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نومنتخب نگران وزراء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

نومنتخب وزراء کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بڑی عزت دی ہے اور اب ہمارے اوپر بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ نگران دور میں جتنا ممکن ہوسکے عوام کی خدمت کریں اورہمیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اسے ایمانداری اور بھرپور طریقے سے ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شفاف انتخابات کے ساتھ ساتھ ہمیں حکومتی مشینری کو متحرک رکھنا ہے تاکہ تمام سرکاری ادارے بغیر کسی رکاوٹ اپنے کام جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جلد وزراء کو ان محکموں کے قلمدن سونپ دیئے جائیں گے سب کو اس قلیل مدت میں ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہے اور جواعتماد ان پر کیا گیا ان پر پورا اترنا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتخابات کے بروقت انعقاد کے سلسلے میں تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیںاور وہ جلد ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرکے امن وامان کی صورتحال اور انتخابات کی تیاریوں کا جائزلیں گے۔اس موقع پر نومنتخب وزراء نے وزیراعلیٰ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پرامن، شفاف انتخابات کے انعقاد اور حکومتی مشینری کو متحرک رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔