مئی 2018 میں ملکی برآمدات میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ

مئی 2018 میں پاکستان سے ہونے والی برآمدات کی مجموعی مالیت 2 ارب 14 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی، مقامی کرنسی میں ماہانہ برآمدات 247.5 ارب روپے رہیں، وزارت تجارت

منگل 12 جون 2018 21:08

مئی 2018 میں ملکی برآمدات میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) پاکستان کی ماہانہ 2ارب ڈالر سے زائد ایکسپورٹ کا تسلسل تیسرے ماہ مئی 2018 میں بھی قائم رہا اور گزشتہ ماہ اشیا کی پاکستانی برآمدات میں 32 فیصد کا سال بہ سال اضافہ ہوا۔وفاقی وزارت تجارت کے ذرائع نے بتایا کہ مئی 2018 میں پاکستان سے ہونے والی برآمدات کی مجموعی مالیت 2 ارب 14 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی، مقامی کرنسی میں ماہانہ برآمدات 247.5 ارب روپے رہیں جبکہ مئی 2017 میں ایکسپورٹ169.7 ارب روپے رہی تھی، اس طرح مئی 2018 میں ایکسپورٹ سے 80 ارب روپے کا اضافی زرمبادلہ حاصل ہوا، اس طرح روپے میں ایکسپورٹ میں 46 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا تاہم یہ ڈالر میں 32فیصد رہا جو کسی بھی مہینے میں بلندترین اضافہ ہے، اس طرح ڈالر میں ایکسپورٹ 1ارب 62کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 2ارب14 کروڑ 40لاکھ ڈالر ہوگئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مئی میں ایکسپورٹ نمایاں بڑھنے کی وجہ سے رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں برآمدات کا اضافہ 14فیصد سے بڑھ کر جولائی تامئی میں 15 فیصد ہوگیا، اس طرح گزشتہ 11 ماہ کے اندر 21ارب 32 کروڑ 60لاکھ ڈالر کی اشیا برآمد کی گئیں جو مالی سال 2016-17کی ایکسپورٹ سے تقریبا 1ارب ڈالر زیادہ ہے، اس طرح امکان ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر پاکستانی ایکسپورٹ 23.4 ارب ڈالر پر پہنچ جائے گی یعنی مالی سال 2017-18 میں ایکسپورٹ سے 3ارب ڈالر کا اضافی زرمبادلہ ملے گا۔۔