متحدہ عرب امارات:کم سن طالبہ کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بنانے والا قانون کے شکنجے میں آ گیا

بنگلہ دیشی ملزم کو تین ماہ قید کے بعد فوری ڈی پورٹ کرنے کا حکم سُنایا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 جون 2018 13:58

متحدہ عرب امارات:کم سن طالبہ کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بنانے والا قانون ..
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جُون 2018ء) تیرہ سالہ کم سن طالبہ کو لِفٹ میں گالوں اور گردن پر چُومنے اور چھونے کے جُرم میں غیر ملکی ملازم کو تین ماہ قید کی سزا سُنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جنوری 2018ء کے دوران بُرد بئی میں پیش آیا۔ جب اُردن سے تعلق رکھنے والی کم سن بچی سکول سے واپسی پر ایک رہائشی بلڈنگ کی تیرھویں منزل پر موجود اپارٹمنٹ میں جانے کے لیے لفٹ پر سوار ہوئی۔

اسی دوران اُس لفٹ میں ایک اٹھائیس سالہ بنگلہ دیشی بھی گھُس آیا۔ بچی نے اپنے اپارٹمنٹ پر جانے کے لیے تیرھویں منزل کا بٹن دبایا‘ جبکہ بنگلہ دیشی ملزم نے 12 منزل کا بٹن پریس کیا۔ تاہم ملزم نے 12ویں منزل پر لفٹ سے باہر آنے کی بجائے سوری کہہ کر پندرھویں منزل کا بٹن دبا دیا ۔

(جاری ہے)

پھر اچانک اُس نے بچی کے گالوں اور گردن کو بھینچنا اور چُومنا شروع کر دیا ۔

اس جنسی حملے کے باعث بچی بے حد خوفزدہ ہو گئی اور لفٹ کی تیرھویں منزل آ جانے پر بنگلہ دیشی ملازم کو دھکا دے کر لفٹ سے بھاگ کر باہر آ گئی۔ اپنے فلیٹ میں پہنچنے پر بچی نے اس واقعے کی اطلاع اپنی ماں کو دی جس نے پولیس میں اس واقعے کی رپورٹ درج کرا دی۔ملزم کو جنسی چھیڑ چھاڑ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ مارچ 2018ء میں دُبئی کی عدالت کی جانب سے ملزم کو بچی کو جنسی چھیڑ چھاڑ کا نشانہ بنانے پر تین ماہ قید کی سزا سُنائی گئی تھی۔

جس کے خلاف ملزم نے اپیل دائر کی تھی۔ اس اپیل کی سماعت کے دوران استغاثہ نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ملزم کو سُنائی جانے والی تین ماہ کی سزا جُرم کی نوعیت کے اعتبار سیکم ہے‘ اس میں اضافہ کیا جائے۔ تاہم عدالت نے ملزم کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے سزا کی تین ماہ کی مُدت کو بحال رکھا ہے۔ ملزم کو سزا کی مُدت پُوری کرنے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔