شجاعت بخاری کے قتل پر محبوبہ مفتی رو پڑیں

جمعہ 15 جون 2018 16:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر کے معروف اور سینئر صحافی شجاعت بخاری کے قتل پر کشمیر کی کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی رو پڑیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے معروف اخبار روزنامہ ’رائزنگ کشمیر‘ کے چیف ایڈیٹر شجاعت بخاری کو ان کے دفتر کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا ۔ان کے قتل پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کافی غمگین نظر آئیں۔

میڈیا پر چلائی گئی فوٹیج میں ان کو روتے دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے شجاعت بخاری سے چند دن قبل ہونے والی ملاقات کو یاد کیا۔جذبات اور آنسوئوں کو قابو کرتے ہوئے انہوں نے بڑی مشکل سے الفاظ ادا کئے کہ میں کیا کہ سکتی ہوں، کچھ دن قبل ہی وہ میرے پاس آئے تھے۔شجاعت بخاری کے قتل کی خبر سنتے ہی محبوبہ مفتی نے ٹوئٹر پر واقعے کی مذمت کی اور کہا کہصحافی شجاعت بخاری کی ہلاکت سے بہت حیران و رنجیدہ ہوں۔دہشت گردی کی لعنت نے عید کے موقع پر اپنا اصلی چہرہ دکھایا۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب امن دشمن قوتوں کے خلاف متحد ہوجایئں۔میں اس بے رحمانہ تشدد کی سخت مذمت کرتی ہوں اور اللہ سے شجاعت کے روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کرتی ہوں۔