کوئٹہ ،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کی گئی بیکریوں کا ٹرائل ، مالکان کو بھاری جرمانے

جمعہ 15 جون 2018 18:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں واقع ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کی گئی بیکریوں کا ٹرائل کیا گیا ،اس موقع پر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مختلف بیکریوں کے مالکان کو لاکھوں روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ بیکریوں کے مالکان کے ہمراہ مجسٹریٹ کو ان کے کارخانوں بھیجاجائے گا ان کی زیر نگرانی وہاں صفائی کا عمل مکمل کیاجائے گا۔

مجسٹریٹ کے مطمئن ہونے پر ہی سیل کئے گئے بیکریوں کو دوبارہ کھولاجائے گا ۔جمعہ کے روز اسسٹنٹ کمشنر سٹی سنیہ صافی کے روبرو کوئٹہ شہرکی معروف بیکریوں ڈولفن ،کوالٹی سویٹس ،بخاری سویٹس اور دالان کا ٹرائل کیا گیا اس موقع پربیکری مالکان کو پرائس کنٹرول ایکٹ کے انڈر سیکشن7 کے تحت بیکری مالکان پر ایک ،ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور ساتھ ہی انہیں احکامات جاری کئے گئے کہ وہ اپنی کارخانوں کی صفائی کرائیںساتھ ہی فیصلہ کیا گیا کہ سیل کئے گئے بیکریوں کے کارخانوں کی مجسٹریٹ کی نگرانی میں صفائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں کارخانوں کو مالکان سمیت مجسٹریٹ بھیجے جائیںگے جب مجسٹریٹ کارخانوں کی صفائی سے مطمئن ہونگے تب سیل کئے گئے بیکریوں کو دوبارہ کھول دیاجائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کی کارروائی کے دوران کوئٹہ کی معروف بیکریوں ڈولفن ،کوالٹی سویٹس ،بخاری سویٹس اور دالان کو سیل کیا گیا تھا معائنہ کے دوران صفائی کی خراب صورتحال اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شدید برہمی کااظہار کیا گیا تھا اور مذکورہ بیکریاں سیل کی گئی تھی ۔ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی کو عوامی سطح پر سراہا گیا اور امید ظاہر کی گئی تھی کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کا عمل جاری رہے گا۔

دوسری جانب بیکری ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران نے عید کے موقع پر بیکریوں کو سیل کرنے کے عمل پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاتھاکہ فوری طورپرکارروائی کوروکاجائے ایسی کارروائی ماہ رمضان اور عید کے بالکل قریب سمجھ سے بالاترہے بلکہ اس سلسلے میں کئی سوالات جنم لیتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :