دُبئی :دوست کے گھر کو جلانے کی دھمکی دینے والا جیل پہنچ گیا

ملزم نے اپنے دوست کے باپ کودیرینہ جھگڑے پر ڈرایا دھمکایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 جون 2018 11:39

دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جُون 2018ء) دُبئی کی عدالت نے اپنے دوست کے گھر گھُس کر اُس کے باپ کو گھر نذرِ آتش کرنے کی دھمکی دینے والے کو تین سال کے لیے جیل بھیج دیا۔ تفصیلات کے مطابق جولائی 2016ء کے ایک روز ملزم دوپہر کے وقت اپنے دوست کے گھر گھُس آیا اور اُس کی ماں سے پوچھنے لگا کہ اُس کا پُرانا دوست کدھر ہے۔ جس کا ملزم کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا چل رہا تھا۔

لڑکے کی ماں نے اُوپری منزل پر موجود اپنے خاوند کوآواز دے کر کہا کہ ملزم اور اُس کا دوست دوسرے کمرے میں فون پر اُس کے بیٹے کو بُلا رہے تھے کہ وہ فوراً گھر پہنچے۔ شور کی آوازیں سُن کر جب باپ نچلی منزل پر پہنچا اور 31سالہ ملزم اور اس کے ساتھ آئے شخص کو کہا کہ وہ فوراً گھر سے چلے جائیں تو اس پر امارتی ملزم نے دھمکی دی کہ وہ اُس کے گھر کو آگ لگا دیں گے اگر اُنہوں نے پولیس کو طلب کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

عدالتی کارروائی کے دوران ملزمان پر مُدعی کے گھر میں گھُسنے اور باپ کو دھمکی دینے کا الزام ثابت ہو گیا۔ پریذائیڈنگ جج فہد الشمسی نے ملزم کو اُس کی غیر حاضری میں تین سال کی قید سُنا دی کیونکہ وہ کورٹ میں پیش ہو کر اپنی صفائی دینے میں ناکام رہا۔ 51 سالہ باپ نے استغاثہ کو بتایا کہ اُس کی بیوی نے وقوعہ کے روز اُسے اچانک خبردار کیا کہ کوئی اُن کے گھر میں زبردستی گھُس آیا ہے۔

’’اس پر میں نچلی منزل پر آیا کہ دیکھوں یہ لوگ کیا چاہتے ہیں۔ تو ملزم نے مجھے بتایا کہ وہ میرے بیٹے کے ساتھ ایک پُرانے جھگڑے کا بدلہ لینے کے لیے آیا ہے۔ جب میں نے اسے کہا کہ میں پولیس کو اطلاع کردوں گا کہ تم میرے گھر زبردستی گھُس آئے ہو‘ تو اس نے کہا‘ پولیس کو بُلا لو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اگر تم نے پولیس کو بُلایا تو میرے گھر کو جلا کر راکھ کر دوں گا۔ اس کے بعد وہ اپنے ساتھی کے ساتھ واپس چلا گیا۔‘‘ ملزم کو اُس کی غیر حاضری میں تین سال قید کی سزا سُنانے کے بعد اُس کے دوسرے ساتھی کو گھر میں زبردستی گھُسنے پر تین ہزار اماراتی درہم کی سزا سُنائی ہے۔