عام انتخابا ت میں صنعت کار اور تاجرعوام کو صحیح رہنمائی فراہم کریں، گورنرسندھ

معاشی ترقی میں گذشتہ حکومت کی کارکردگی اپنی مثال آپ رہی ،صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی وترقی ، نئی صنعتوں کے قیام کی بھرپور حوصلہ افزائی ، صنعت کاروں اور تاجروں کی رہنمائی سے قومی معاشی پالیسی کی تشکیل سے صنعتی فعالیت ممکن ہوئی، تاجروں کے وفد سے گفتگو

منگل 19 جون 2018 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 2013 میں مقامی صنعتیں زبو ںحالی کا شکار تھیں ، مقامی و غیر ملکی سرمایہ کارپاکستان آنے سے ہچکچاتے تھے ، تونائی بحران کے باعث صنعتیں بند ہورہی تھیں جس کی وجہ سے بے روزگاری اور غربت میں مسلسل اضافہ ہو ا ،لیکن گذشتہ حکومت نے انتہائی خراب حالات میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالی اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا آج کے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کا ری تسلسل سے بڑھ رہی ہے اور نئی نئی صنعتیں لگنے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہیں، 25 جولائی 2018 کے عام انتخابات میں عوام کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے کارکردگی کی بنیاد پر اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہوگا اس ضمن میں صنعت کار ، تاجر اور کاروباری افراد عوام کی بہتر رہنمائی کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ گورنرہاؤس میں معروف صنعت کار ایس ایم منیر کی سربراہی میں آنے والے 20 رکنی وفد سے ملاقات کررہے تھے۔ وفد میں معروف صنعت کار اور تاجر شامل تھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ معاشی ترقی میں گذشتہ حکومت کی کارکردگی اپنی مثال آپ رہی ،صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی وترقی ، نئی صنعتوں کے قیام کی بھرپور حوصلہ افزائی ، صنعت کاروں اور تاجروں کی رہنمائی سے قومی معاشی پالیسی کی تشکیل سے صنعتی فعالیت ممکن ہوئی ، گذشتہ حکومت کی معاشی پالیسی سے نئی صنعتوں کے قیام ، سرمایہ کاری میں اضافہ اور نجی سیکٹر نے فعال کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی خوشحالی کے لئے صنعتی ترقی ناگزیر ہے ، صنعتی فعالیت سے قومی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کو روزگار کے مواقع حاصل ہوتے ہیں جس سے بے روزگاری میں بھی واضح کمی ہوتی ہے ، صنعتی فعالیت کے لئے وڑنری حکومت انتہائی نا گزیر ہے اس ضمن میں عام انتخابات اہم ثابت ہونگے ، ملکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں تاجر برادری اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ملاقات میں معروف صنعت کار ایس ایم منیر نے کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل انتہائی ناگزیر ہے اس ضمن میں صنعت کار ، تاجر اور سرمایہ کار ملک کے روشن مستقبل کے لئے عوام کو رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ قومی ترقی کی رفتار مزید تیز کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :