بلوچستان نیشنل پارٹی صوبہ بھر میں کامیابی حاصل کریگی ،ْمیر ہاشم نوتیزئی

بلوچستان کے عوام عوام دشمن کرپٹ نمائندوں کو مستردکرکے قائد بلوچستان سردار اختر مینگل کے قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے بی این پی کو کامیاب بنائیں ،ْکارکنوں سے بات چیت

بدھ 20 جون 2018 16:10

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی میر ہاشم نوتیزئی نے کہاہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی صوبہ بھر میں کامیابی حاصل کریگی،بلوچستان کے عوام عوام دشمن کرپٹ نمائندوں کو مستردکرکے قائد بلوچستان سردار اختر مینگل کے قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے بی این پی کو کامیاب بنائیں ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے کاغذات نامزدگی کے جانچ پڑتال ومنظوری کے بعد پارٹی سیکرٹریٹ میں کارکنوں وعہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر بی این پی کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی میر بابومحمد رحیم مینگل ،حاجی میر بہادر خان مینگل ،میر خورشید جمالدینی،ضلعی صدر میر عطاء اللہ مینگل ودیگر بھی موجود تھے ،میر ہاشم نوتیزئی نے کہاکہ سابق نمائندوں نے بلوچستان کو ترقی وخوشحالی کے بجائے غربت ،پسماندگی ،اقرباء پروری وتباہی کے علاوہ کچھ نہیں دیا،بلوچستان کے عوام آج بھی دووقت کے روٹی اور پانی کے بوند کے لئے ترس رہے ہیں ،بلوچستان کے حقیقی مسائل صرف اور صرف بی این پی کی قیادت ہی حل کرسکتی ہے ،بی این پی ایک سوچ ،ایک نظریے کا نام ہے بلوچستان کے عوام سیاسی یتیموں کو مسترد کرکے بلوچستان کے حقیقی وارث جماعت بی این پی کو کامیاب بناکر بلوچستان میں ترقی وتبدیلی کے نئے دور کا آغاز کریں ،اقتدار ہماری ترجیح نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام کی حقیقی ترجمانی ہی ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہے ،عوام کے طاقت سے مخالفین کو انتخابی میدان میں شکست سے دوچار کرکے بلوچستان میں ایک نئے دور کاآغاز کرینگے ،عوام سابق اور آزمائے ہوئے نمائندوں کو دوبارہ آزمانے کی ہرگز غلطی نہ کریں ۔