ٹھٹھہ،پانی کے بحران کے خلاف کاشتکاروں کا احتجاج

بدھ 20 جون 2018 20:00

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2018ء) پانی کے بحران کے خلاف کاشتکاروں کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ٹھٹھہ میں پانی کے شدید بحران کے خلاف کاشتکاروں اور شہریوں نے سندھ ترقی پسند پارٹی کے ضلعی صدر ناتھو خان بروہی، ملاح اتحاد تحریک سندھ کے چیرمین آدم گندرو و دیگر کی قیادت میں شیخ فرید چوک سے ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی جو کہ شاہی بازار سے ہوتے ہوئے پریس کلب ٹھٹھہ پہنچی، ریلی کے شرکائ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھائے ہوئے تھے جن پر پانی کے بحران کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ گذشتہ کئی ماہ سے ٹھٹھہ ضلع میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کردیا گیا ہے، اور نہروں میں پانی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے اور اگر پانی فراہم کیا بھی جاتا ہے تو وہ ٹیل میں واقع زرعی زمینوں تک نہیں پہنچتا کیوں کہ با اثر اور بڑے زمیندار درمیان میں سے ہی پانی چوری کر لیتے ہیں انہوں نے کہا کہ پانی کے مصنوعی بحران کے باعث ان کی فصلیں سوکھ گئی ہیں اور انہیں لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا ہے، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث کاشتکاروں کی اکثریت نے تاحال چاول کی بوائی بھی نہیں کی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کا مصنوعی بحران ختم کیا جائے، پانی کی چوری پر کنٹرول کرتے ہوئے کاشتکاروں کو مساوی بنیادوں پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔