جڑی بوٹیاں فصلوں کے کیڑوں کو تحفظ فراہم کرتی ہیں،ماہرین زراعت

جمعرات 21 جون 2018 13:45

فیصل آباد۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ جڑی بوٹیاں فصلوںکے کیڑوں کو تحفظ فراہم کرتی ہیں جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی نہ ہونے ، زرعی ایجوکیشن سے لا تعلقی اور شرح خواندگی کی کمی کے باعث 80فیصد کسان جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے اقدامات نہیں کرتے جس سے فصلوں کی پیداوار بری طرح متاثر ہوتی ہے اور کاشتکاروں کو 25سے 35فیصد تک نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے نیز جڑی بوٹیاں فصلوں کے پیداواری اخراجات میں اضافہ اور کھاد و پانی کی بھاری مقدار بھی استعمال کرتی ہیںاس لئے کاشتکاروںکو اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہیے ۔

انہوں نے بتایا کہ بعض کھیتوں میں معمولی غفلت کے باعث جڑی بوٹیاںاس قدر زور پکڑ لیتی ہیں کہ وہ پیداوار کو 50فیصد تک کم کرنے کی صلاحیت بھی حاصل کر سکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ موسم گرما میں تیلااور سفید مکھی کی کثرت سے پرورش ہوتی ہے اور سفید مکھی کپاس کے وائرس کو منتقل کرنے کا باعث بنتی ہے ۔انہوںنے بتایا کہ اگر فصل کو ابتداء میں ہی 50یوم تک جڑی بوٹیوں سے محفوظ کر لیا جائے تو بعدازاں جڑی بوٹیاں خود کو دبا لیتی ہیں جن سے فصلات کو بھی نقصان پہنچنے کا احتمال نہیں رہتا ۔ انہوںنے محکمہ زراعت کے حکام کو بھی تجویز پیش کی کہ وہ بھی کاشتکاروںمیں زرعی ایجوکیشن کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔