مولانا فضل الرحمان نے رشتہ داروں کو نوازنے کے ریکارڈ توڑ ڈالے

جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے 7 ٹکٹ اپنے ہی خاندان میں بانٹ دئیے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 22 جون 2018 00:21

مولانا فضل الرحمان نے رشتہ داروں کو نوازنے کے ریکارڈ توڑ ڈالے
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018ء) مولانا فضل الرحمان نے رشتہ داروں کو نوازنے کے ریکارڈ توڑ ڈالے۔ جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے 7 ٹکٹ اپنے ہی خاندان میں بانٹ دئیے۔۔تفصیلات کے مطابق سال 2018 پاکستان کی پارلیمانی سیاست میں ایک اہم اور تاریخی سال ہے۔تاریخ میں پہلی مرتبہ 2 جمہوری حکومتیں اپنے اپنے آئینی ادوار مکمل کر کے رخصت ہو چکی ہے۔

2018 انتخابات کا سال ہے۔ایک جانب ملکی اداروں نے انتخابات کی تیاری شروع کر رکھی ہے تو دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے انتخابات کی تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔کاغذات نامزدگی جمع کروانےکا سلسلہ بھی کل مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد کاغذوں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔اس موقع پر بڑی بڑی وکٹیں اڑنے کی امید ہے اس حوالے سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بہت سے بڑے بڑے سیاسی نام اس مرحلے پر مشکل میں پڑ سکتے ہیں اور انکے کاغذات نامزدگی مسترد ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے بھی ٹکٹ تقسیم کرنے شروع کر دئیے ہیں ۔اس حوالے سے رشتے داروں کو نوازنے کے نئے سے نئے ریکارڈ بنائے جارہے ہیں۔مسلم لیگ ن ایک ہی خاندان میں ٹکٹیں بانٹنے میں سرفہرست ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے بھی جتوئیوں میں ٹکٹیں بانٹ کر اپنے نظریاتی کارکنان کو نظر انداز کیا۔تازہ ترین خبر کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے رشتہ داروں کو نوازنے کے ریکارڈ توڑ ڈالے۔ جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے 7 ٹکٹ اپنے ہی خاندان میں بانٹ دئیے۔دوسری جانب اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے اپنے ہی بیٹوں اور بھانجوں کو سیاسی میدان میں اتار دیا۔