حکومتی ہدایات کی روشنی میں دیہی علاقوں میں گیسٹرو اور دیگر متعدی امراض کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تشہیری مہم کا آغاز

جمعہ 22 جون 2018 12:46

فیصل آباد۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) حکومت پنجاب نے مون سون کی متوقع بارشوں سمیت ممکنہ سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر شہری و دیہی علاقوں میں گیسٹرو اور دیگر متعدی امراض کے پھیلائو کو روکنے کیلئے فوری طور پر تشہیری مہم شروع کرنے کی ہدائت کی ہے جس کی روشنی میں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع سمیت صوبہ بھر کے دیگر علاقوں میں عوام میں متعدی امراض کے پھیلائو کے بارے میں شعور پیدا کرنے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور جگہ جگہ بینرز آویزاں کئے جا رہے ہیں جن پر مختلف ہدایات درج کی گئی ہیں اور عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پانی اچھی طرح ابال کر استعمال کریں اور مضر صحت پانی کے براہ راست استعمال سے گریز کیا جائے جبکہ انہیںدیگر احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر بھی عملدر آمد کی ہدائت کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سرکاری ہسپتالوں و مراکز صحت میں متعلقہ ضروری ادویات کی وافر مقدار میں فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ گیسٹرو یا دیگر متعدی امراض میں مبتلا لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔