چانسلر کارکردگی سے مطمئین نہیں تو حکومتی اتحاد ختم کر دیں، جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر

جمعہ 22 جون 2018 21:44

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر نے چانسلر انگیلا میرکل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ ان کے کام سے خوش نہیں، تو انہیں وسیع تر اتحادی حکومت ختم کر دینا چاہیے۔جرمن میدیا کے مطابق جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر نے چانسلر انگیلا میرکل کو خبردار کیا ہے کہ وہ انہیں برطرف کرنے سے باز رہیں اور اگر وہ ان کے کام سے خوش نہیں، تو انہیں وسیع تر اتحادی حکومت ختم کر دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

ہورسٹ زیہوفر نے جمعے کے روز پاسار نوئیر اخبار سے بات چیت میں کہا کہ یہ پہلا موقع ہو گا کہ کسی وزیر کو ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے کوشش میں برطرف کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ چانسلر انگیلا میرکل اور وزیرداخلہ زیہوفر کے درمیان مہاجرین کے موضوع پر اختلافات شدید ہیں۔ گزشتہ برس ستمبر میں عام انتخابات کے بعد بننے والی وسیع تر مخلوط حکومت میں زیہوفر کو وزارت داخلہ کا قلم دان سونپا گیا تھا، تاہم وہ مہاجرین سے متعلق سخت پالیسیوں کے حق میں ہیں۔