حوثی ملیشیا نے جامعہ صنعاء کے متعدد اساتذہ کو حراست میں لے لیا

اساتذہ کی فوری رہائی اور تن خواہوں کی وصولی کے لیے عدن جانے کی غیر مشروط اجازت دی جائے،اساتذہ تنظیم کا مطالبہ

ہفتہ 23 جون 2018 13:24

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) یمن کے حوثی باغیوں نے صنعاء یونیورسٹی میں تدریس کے شعبے سے وابستہ متعدد اساتذہ اور پروفیسر صاحبان کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق صنعاء یونیورسٹی کے شعبہ تدریس کی یونین کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ جامعہ کے اساتذہ تنخواہ کی وصولی کے لیے عبوری دارالحکومت عدن جا رہے تھے کہ اس دوران ھوثی ملیشیا نے انہیں روک لیا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کی اساتذہ یونین کی جانب سے جاری بیان میں اساتذہ کی گرفتاری اور انہیں زدو کوب کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے خلاف قانون اقدام قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جامعہ کے اساتذہ اور دیگر عملہ حکومت سے تنخواہ لینے کے لیے عدن جا رہا تھا کہ حوثی باغیوں نے انہیں نہ صرف روک دیا بلکہ انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔تنظیم اساتذہ نے گرفتار تمام اساتذہ کی فوری رہائی اور انہیں تن خواہوں کی وصولی کے لیے عدن جانے کی غیر مشروط اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :