ایوان تجارت لاہور میں آن لائن ممبرشپ سمیت دیگر سہولیات کیلئے جدید سسٹم کا افتتاح کردیاگیا

ہفتہ جون 17:16

ایوان تجارت لاہور میں آن لائن ممبرشپ سمیت دیگر سہولیات کیلئے جدید ..
لاہور۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید نے لاہور چیمبر کی ممبرشپ سمیت دیگر سہولیات کی آن لائن فراہمی کے لیے جدید سسٹم کا افتتاح کردیا ہے جس سے ممبران کے قیمتی وقت کی بچت ہوگی اور وہ اپنے دفاتر یا کسی بھی جگہ سے لاہور چیمبر کی ممبرشپ اور دیگر سروسز کے لیے اپلائی کرسکیں گے۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ یہ قدم اٹھانے کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینا اور لاہور چیمبر کی خدمات کو بین الاقوامی امعیار کا بنانا ہے، لاہور چیمبر کی ممبرشپ سروسز آن لائن کرنے سے ممبران کو سہولت ملے گی اور ان کا قیمتی وقت بچے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لاہور چیمبر کے ممبران پر زور دیا کہ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی آن لائن سروسز سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور کوئی بھی کاروبار اس سے استفادہ کیے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنی کاروباری زندگی کا اہم حصہ بنائے جس سے انہیں بین الاقوامی سطح پر جگہ بنانے اور اپنے کاروباروں کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ممبران کے لیے لیسکو، ایف بی آر،، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ٹریفک ،،نادرا اور سمیڈا ڈیسک بھی قائم کررکھے ہیں، لاہور چیمبر کے ممبران کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔