نگران صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل میاں نعمان کبیرکاقائد اعظم انڈسٹریل سٹیٹ، کوٹ لکھپت کا دورہ

ہفتہ 23 جون 2018 18:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل اورٹرانسپورٹ میاں نعمان کبیر نے گزشتہ روز قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت لاہور کا دورہ کیااورصنعت کاروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس کے دوران لیبر ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

تاجر برادری نے صوبائی وزیر سے سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ سے متعلق طویل عرصے سے زیرالتواء کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا جس پر صوبائی وزیر نے ان کے تحفظات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر میاں نعمان کبیر نے انڈسٹریل ایریا میں متعلقہ حکام کے ہمراہ سوشل سکیورٹی ڈسپنسری کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے وہاں مہیا کی جانے والی سہولیات پرعدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈسپنسری میں صحت کی تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور موجودہ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے۔