سپورٹس نیوز )

عالمی فٹ بال کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری کین کی ہیٹ ٹرک، انگلینڈ نے پاناما کو 1-6 سے شکست دیدی ،جاپان اور سینیگال کا میچ 2-2گول سے برابر رہا

اتوار 24 جون 2018 23:10

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) روس میں جاری عالمی فٹ بال کپ 2018ء میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں ،گیارہویں روز کھیلے گئے میچز میں انگلینڈ کے کپتان ہیری کین کی ہیٹ ٹرک کی بدولت انگلینڈ نے پاناما کے دفاع کو روندتے ہوئے ایک کے مقابلے میں چھ گول سے فتح حاصل کی جبکہ سینیگال اور جاپان کا میچ دو ،دو گول سے برابر ہوگیا اس طرح دونوں ٹیموں کی گروپ ایچ سے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کیلئے امیدیں تاحال برقرار ہیں ۔

اتوار کو نووگوروڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں انگلینڈ کا پلہ شروع سے ہی بھاری رہا جس نے حریف ٹیم کے گول پر مسلسل حملے کیے۔آٹھویں منٹ میں اسٹونس نے اسکورنگ کا آغاز کیا، پھر 22ویں منٹ میں کین، 36 ویں منٹ میں لنگ گارڈ، 40 ویں منٹ میں اسٹونس اور ہاف کے آخری لمحات میں کین نے گول کرکے انگلینڈ کی برتری پانچ صفر کردی۔

(جاری ہے)

دوسرے ہاف میں پاناما کے دفاع نے بہتر کھیل پیش کیا جس میں انگلش ٹیم صرف ایک گول داغ سکی جو کین نے اسکور کیا، یہ اٴْن کا ہیٹ ٹرک گول بھی تھا۔

پاناما کی ٹیم نے کھیل ختم ہونے سے بارہ منٹ قبل گول کرکے خسارہ کم کیا، یوں میچ انگلینڈ کی چھ ایک کی جیت پر ختم ہوا۔یہ فٹ بال ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی سب سے بڑے مارجن سے فتح بھی ہے۔دریں اثناء یکاترنبرگ کے مقام پر جاپان او ر سینگال کے مابین میچ میں کائی سوکے ہونڈا کے آخری لمحات میں گول کی بدولت مقابلہ 2-2 سے برابر ہوگیا ،جاان کیلئے ہرصورت میں میچ برابر کرنا ضروری تھا اس طرح دونوں ٹیموں کی گروپ ایچ سے ناک آئوٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے کی امیدیں روشن ہیں ۔

سینیگال کی طرف سے مخالف کھلاڑی ساڈیو مین سے خوش قسمتی سے گیندٹکراکرگول میں چلی گئی جس پرانہیں ابتداء میں ہی برتری مل گئی اس کے بعد جاپان کے تاکاشی انیو نے میچ برابر کردیا ۔نوجوان کھلاڑی موس سا واگیو نے افریقن ٹیم کو ایک مرتبہ پھر برتری دلائی تاہم اختتامی لمحات میں ہونڈ ا نے گول سکورر کرکے میچ کو برابر کردیا ۔اس طرح دونوں ٹیموں کے چار پوائنٹس ہیں ۔پولینڈ اور کولمبیا کا میچ فیصلہ کریگا کہ جاپان اور سینیگال میں سے کون اگلے مرحلے میں جائیگا ۔