جنگلات بچائو کے حوالہ سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار انتہا ئی اہمیت کا حامل ہے، وسیم اکرم

پیر 25 جون 2018 12:58

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) جنگلات کے بچائو اور ماحولیات کے تحفظ کے حوالہ سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار انتہا ئی اہمیت کا حامل ہے، جنگلات کا تحفظ حکومت اور حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے، لوگوں کو چاہئے کہ وہ آگ سمیت ہر طرح کے خطرات سے جنگلات کو محفوظ بنانے کیلئے اپنے حصہ کا کردار ضرور ادا کریں، موجودہ فائر سیزن میں جنگلات کو آگ کے نقصانات سے بچانے کیلئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار محکمہ جنگلات کے سی ڈی ای اینڈ جی خیبر پختونخوا ہزارہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم اکرم، فوکل پرسن ذوالفقار علی اور سی ڈی او ہری پور عبیدالرحمن نے انوائرمینٹل جرنلسٹس فورم میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنگلات کو بچانے کیلئے سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہو گا، اس حوالہ سے میڈیا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جنگلات کی اہمیت اور تحفظ کیلئے لوگوں میں شعور اجاگر کریں، جنگلا ت ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور یہ کوئی حکومت کی پراپرٹی نہیں بلکہ جنگلات سے لوگوں حتیٰ کے جنگلی حیات کو زندہ رہنے اور زندگی گذارنے کیلئے نہ صرف صاف ستھرا ماحول بلکہ بے شمار دیگر فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگلات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ درخت اور پودے بھی لگانے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ جنگلات کم ہوتے جا رہے ہیں جو انسانوں اور جنگلی حیات کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے اس لئے شہری درخت اور پودے لگانے میں بھی ساتھ دیں، آگے 15 جولائی تا 15 ستمبر مون سون کی شجرکاری ہو گی جس میں مختلف آرگنائزیشنز اور کسان حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں میڈیا اور کمیونٹی کے نمائندوں سے اس حوالہ سے تجاویز بھی لیں اور کہا کہ کمیونٹی اور جنڈر ڈویلپمنٹ کیلئے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے، وہ وقت دور نہیں جب ہم سب مل کر جنگلات کا بچائو یقینی بنا کر آنے والی نسلوں کو محفوظ ماحول فراہم کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :