میکسیکومیں سیاستدان کے قتل کے شبہے پر قصبے کے تمام پولیس اہلکار گرفتار

یکم جولائی کو عام انتخابات سے قبل میکسیکو میں 100 سے زائد سیاستدانوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے،رپورٹ

پیر 25 جون 2018 13:17

میکسیکوسٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) میکسیکو کے قصبے اوکیمپو میں میئر کے ایک امیدوار کے قتل میں ملوث ہونے کے شبہے میں تمام پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ۔64 سالہ فرنینڈو اینجلز یوریز کو جمعرات کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔یکم جولائی کو عام انتخابات سے قبل میکسیکو میں 100 سے زائد سیاستدانوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

اینجلز یوریز مغربی ریاست مشوکن میں قتل کیے جانے والے تیسرے سیاستدان ہیں۔امریکی ٹی وی کے مطابق اس قصبے کے 27 پولیس اہلکاروں اور مقامی پبلک سکیورٹی سیکریٹری کو فیڈرل فورسز نے حراست میں لیا۔اینجلز یوریز ایک کامیاب کاروباری شخصیت تھے اور محدود سیاسی تجربہ رکھتے تھے۔کچھ عرصہ قبل انھوں نے میکسیکو کے بڑی سیاسی جماعت ڈیموکریٹک ریوولوشن میں شمولیت اختیار کی تھی۔

(جاری ہے)

ان کے قتل کے بعد استغاثہ نے اوکیمپو کے پبلک سکیورٹی سیکریٹری اوسکر گونزالیز کارشیا کے اس میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔استغاثہ کا الزام ہے کہ پولیس اہلکاروں اور گونزالیز گارشیا کے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے ساتھ روابط ہیں۔آئندہ ہفتے میکسیکو میں چیمبر آف دپٹیز کے صدر، سینیٹرز اور ارکان کے لیے انتخابات منعقد ہوں گے۔جس میں 3000 سے زائد علاقائی اور مقامی سطح کی نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔