میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ،ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

پیر 25 جون 2018 20:41

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل معلوم کئے ۔ تفصیلات کے مطابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے یو سی چیئرمین مختیار کھوکھر، عبدالخالق جتوئی ، عزیز اللہ مغل ، میونسپل افسران XEN شرف الد ین ڈنور، AEN الیکٹرک فیاض میمن، انچارج واٹر ورکس پیر عطاء الرحمن خان ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں پرانا سکھر ، غریب آباد، باغ حیات علی شاہ دیگر علاقوں کا دورہ کیا ‘ شہریوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل معلوم کئے جبکہ جاری ترقیاتی کاموں کے جائزہ لیا اور ٹھیکیداروں کو ترقیاتی کام معیار کے مطابق اور بروقت تکمیل کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میئر سکھر کا کہنا تھا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن کی تکمیل سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور ان کے مسائل کم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب بلدیاتی قیادت شہر کے مسائل حل کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری لانے کے لئے لوڈرز اور جدید مشینری منگوائی گئی ہے جس سے صفائی کے نظام میں خاصی بہتری آئی ہے ، شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ‘ شہر بھر میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے جس کے بعد اندھیرے اجالوں میں تبدیل ہوجائیں گے ۔

میئر سکھر نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج فراہمی آب میں تعطل کا باعث ہیں ‘ فلکچوایشن کے باعث مشینری کو بھی نقصان ہوتا ہے ۔ انہوں نے انچارج واٹر ورکس کو ہدایت دیں کہ شہریوں کو بلا تعطل فراہمی کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے ‘ شہر کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے معاملات میں شہری بلدیہ کیساتھ تعاون کریں ‘ شہریوں کے تعاون سے سکھر کو خوبصورت ترین شہر بنائینگے۔