علاج معالجہ کی بہترین سہولیات عوام کا حق ہے جس میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی نا قابل برداشت ہے،اقبال بنگش

پیر 25 جون 2018 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ظفر اقبال بنگش نے پیر کے روز نگران وزیر صحت اور بہبود آبادی اکبر جان مروت سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور صوبہ میں صحت کی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر صوبائی سیکرٹیری ہیلتھ عابد مجید نے صوبائی وزرا ء کو صوبہ بھر میں شعبہ صحت کی خدمات اور پرفارمنس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ صحت صوبہ کے عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی خدمات ایمانداری سے انجام دے رہا ہے، صوبہ کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ کی حاضری یقینی بنائی گئی ہے، اس موقع پر صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ علاج معالجہ کی بہترین سہولیات عوام کا حق ہے جس میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی نا قابل برداشت ہے، نگران حکومت اپنی حدود کے اندر رہتے ہوئے عوام کو صحت کے شعبہ میں بر وقت خدمات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار بخوبی ادا کرے گی۔