جرمنی میں یہودی ٹوپی پہنے اسرائیلی پر حملہ کرنے والے فلسطینی شہری کو سزائے قید

اپنی غلطی پر نادم،واقعے سے بہت کچھ سیکھ چکا،فلسطینی شہری کا عدالت میں دوران سماعت اعتراف جرم

منگل 26 جون 2018 12:50

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) جرمنی کی ایک عدالت نے اس فلسطینی ملزم کو سزا سنا دی، جس نے وفاقی دارالحکومت برلن میں کِپا نامی یہودیوں کی مخصوص ٹوپی پہنے ہوئے ایک اسرائیلی شخص پر حملہ کر دیا تھا۔ انیس سالہ مجرم کو چار ہفتے کی سزائے قید سنائی گئی ہے، جو وہ نوجوانوں کی ایک جیل میں کاٹے گا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق برلن کی ایک عدالت میں سماعت کے دوران ملزم نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ اس غلطی سے بہت کچھ سیکھ چکا ہے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں حملہ آور کو اپنی بیلٹ کی مدد سے ایک اکیس سالہ عرب اسرائیلی شہری پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔ یہ واقعہ اسی سال سترہ اپریل کو پیش آیا تھا۔