مجھے ووٹ نہ دیں۔۔

فیصل آباد میں آزاد اُمیدوار نے انوکھا نعرہ لگا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 26 جون 2018 13:39

مجھے ووٹ نہ دیں۔۔
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جون 2018ء) : عام انتخابات 2018ء کی آمد آمد ہے اور اسی لیے تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے انتخابی اُمیدواروں کو ٹکٹس بھی جاری کر دئے ہیں جس پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان میں اختلافات بھی پیدا ہو گئے ہیں۔ سیاسی جماعتوں اور انتخابی اُمیدواروں نے اپنے اپنے حلقوں میں مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

انتخابی مہم میں تمام سیاسی جماعتیں اورانتخابی اُمیدواروں میں اپنے اپنے دور میں ہونے والی ترقیاتی کاموں کا حوالہ دینے کے ساتھ ساتھ اپنے حق میں نعرے بھی متعارف کروا دئے ہیں تاکہ انتخابی مہم کوچار چاند لگائے جا سکیں لیکن فیصل آباد میں ایک آزاد اُمیدوار کی انوکھی مہم دیکھنے میں آئی۔

(جاری ہے)

فیصل آباد کے حلقہ پی پی 111 کے آزاد اُمیدوار محمد عقیل الرحمان نے بھی اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا اور جگہ جگہ بینرز آویزاں کیے لیکن ان بینرز پر تحریر کیا گیا '' مجھے ووٹ نہ دیں''۔

محمد عقیل الرحمان کے اس نعرے نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔اور اہل علاقہ نے تشویش کا اظہار کیا کہ الیکشن میں کھڑا اور کامیابی کا اُمیدوار خود ہی لوگوں کو ووٹ نہ دینے کا کہہ رہا ہے۔ اُمیدوار محمد عقیل الرحمان نے موقف اختیار کیا کہ میں نہ تو حرام کھاتا ہوں اور نہ ہی کرپٹ ہوں اسی لیے لوگوں سے کہاہے کہ مجھے ووٹ نہ دیں کیونکہ ہمارے ملک کی عوام کو ہر مرتبہ انتخابات میں کرپٹ اور حرام کھانے والوں کو ووٹ دینے کی عادت پڑ گئی ہے۔

ہر مرتبہ عام انتخابات میں کرپٹ مافیا ہمارے اوپر مسلط کر دی جاتی ہیں، جس کی وجہ یہی ہےکہ ہم بغیر سوچے سمجھے ان کو ووٹ سے نواز دیتے ہیں جو حکومت میں آنے کے بعد عوام کا پیسہ ہڑپ کر اپنی جائیدادیں بنانے میں مصروف ہو جاتے ہیں۔محمد عقیل الرحمان کی اس انوکھی انتخابی مہم نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ہماری عوام اس قدر بے وقوف ہو چکی ہے کہ ان کو کرپٹ آدمی اور ایک دیانتدار آدمی میں کوئی فرق نظر نہیں آتا اور کرپٹ حکمرانوں کے اقتدار میں آنے کے بعد عوام انہی کو بُرا بھلا کہتی ہے حالانکہ یہ اختیار ہم نے خود ووٹ کے ذریعے ان کو سونپا ہے۔

متعلقہ عنوان :