ٹرمپ کا فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن عمل میں پیش رفت کا دعویٰ

منگل 26 جون 2018 13:40

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں دیر پا امن کے قیام کی کوششوں میں غیرمعمولی پیش رفت ہوئی ہے،تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وائٹ ہاؤس فلسطین اور اسرائیل کے درمیان اپنے امن فارمولے کی تجاویز کب پیش کرے گا۔

(جاری ہے)

العربیہ ٹی وی کے مطابق اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان امن عمل کی بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کے بعد خطے کے حالات میں بہتری آئی ہے۔واضح رہے کہ ان دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر خاص جیرڈ کوشنر اور مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی مندوب جیسن گرین بیلٹ مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امریکا کے مجوزہ امن منصوبے ’صدی کی ڈیل‘ پر عمل درآمد کی راہ ہموار کرنا ہے۔