لاہور میں رات بھر بارش ،

قومی کرکٹ ٹیم کا آخری روز کی ٹریننگ متاثر ،پریکٹس نہ کرسکی گرائونڈ گیلا ہونے کے باعث کھلاڑیوں کو آرام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،ترجمان بورڈ

بدھ 27 جون 2018 14:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) لاہور میں رات بھر ہونے والی بارش کے سبب قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورہ زمبابوے پر روانہ ہونے سے ایک روز قبل پریکٹس نہیں کر سکے۔ دورہ زمبابوے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز 25 جون کو کیا گیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قذافی سٹیڈیم میں گرائونڈ گیلا ہونے کے باعث کھلاڑیوں کو آرام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

جولائی میں پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی تین ملکی ٹی 20 انٹرنیشل سیریز میں شرکت کے لیے قومی ٹیم 28 جون کو ہرارے روانہ ہوگی۔ سہ فریقی ٹی 20 ٹورنامنٹ یکم سے آٹھ جولائی تک کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم یکم جولائی کو زمبابوے، دو جولائی کو آسٹریلیا، چار جولائی کو زمبابوے اور پانچ جولائی کو آسٹریلیا سے مد مقابل ہو گی۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کا فائنل آٹھ جولائی کو کھیلا جائے گا۔ہرارے میں ٹی 20 سیریزکے بعد پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس میں صرف پاکستان اور زمبابوے آمنے سامنے ہوں گے۔پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز 13، 16، 18، 20 اور 22 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔دورہ زمبابوے کے لیے منتخب قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کپتان سرفراز احمد کریں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، حسین طلعت، حارث سہیل، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، عثمان خان شنواری، شاہین آفریدی اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔۔