دُبئی:انسانیت پرست کسٹم افسر کا بے مثال جذبہ ایثار محکمانہ ترقی کا سبب بن گیا

کسٹم اہلکارنے عید الفطر کے روز مشکل کا شکار شامی فیملی کو گھر پہنچانے کے لیے بھرپور مدد فراہم کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 27 جون 2018 14:27

دُبئی:انسانیت پرست کسٹم افسر کا بے مثال جذبہ ایثار محکمانہ ترقی کا ..
دُبئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جُون 2018ء) دُبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اماراتی کسٹم افسر کی خُدا ترسی کے جذبے کو سراہتے ہوئے انعام کے طور پراُسے فرسٹ آفیسر کے عہدے پر ترقی دے دی ہے اس کے علاوہ اُسے تمغہ سے بھی نوازا گیا ہے۔ مذکورہ کسٹم اہلکار سالم عبداللہ بن نبہان ال بدواوی حطّہ چیک پوسٹ پر تعینات ہے جس نے ایک شامی کُنبے کو اُن کی گاڑی خراب ہو جانے کے بعد گھر تک پہنچانے میں مدد فراہم کی تھی۔

اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دُبئی کے حکمران شیخ محمد نے ایک ریڈیو اینکر کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جو ایک شامی باشندے سے واقعے سے متعلق بات چیت کر رہا ہے۔ اس ویڈیو کے نیچے تحریر کیا گیا ہے ’’سالم البدواوی۔۔۔ ایک سرکاری ملازم۔۔۔ اماراتی شہری۔

(جاری ہے)

۔۔ جو امارات کی تہذیبی اقدار کا حقیقی ترجمان ہے۔‘‘تفصیلات کے مطابق ریڈیو پر بات چیت کرتے ہوئے ایک شامی باشندے نے اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک واقعے کے بارے میں بتایا ’’ جمعۃ المبارک کی صبح 7 بجے کا وقت تھا جب ہم مسقط جا رہے تھے‘ سرحد پر پہنچ کر ہماری کار خراب ہو گئی۔

وہاں تعینات کسٹم افسر نے ہماری مدد کرنے کی غرض سے ٹَو ٹرک یا ٹیکسی منگوانے کی کوشش کی تاکہ ہم واپس گھر جا سکیں‘ مگر ایسا ممکن نہ ہو سکا کیونکہ یہ عید الفطر کا پہلا دِن تھا اوروقت بھی صبح کا تھا۔ ہماری پریشانی کو بھانپتے ہوئے ڈیوٹی پر تعینات کسٹم افسر البدواوی نے ہمیں اپنی کار کی چابیاں پیش کردیں تاکہ ہم اومان کی طرف اپنا سفر جاری رکھ سکیں۔

پہلے وہ ہمیں حطّہ میں واقع اپنے گھر لے گیا‘ جہاں اُس نے گاڑی میں موجود اپنا سامان گھر پر رکھا‘ اور تب اصرار کیا کہ ہم اُس کی گاڑی لے جائیں۔ اسی پر بس نہیں‘ جب ہم اومان سے واپس آئے تو افسر ہمیں دُبئی میں واقع ہمارے گھر لے گیا‘ جہاں اُس نے ایک مکینک کو بُلوا کر ہماری خراب کار کو ٹھیک کروایا۔‘‘ اس شاندار جذبۂ انسانیت پر دُبئی میڈیا آفس نے کسٹم افسر البدواوی کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شیخ راشد المکتوم نے حطّہ بارڈر پر تعینات پاسپورٹ افسر البدواوی کی فرسٹ آفیسر کے عہدے پر ترقی کے احکامات جاری کیے ہیں۔

جو اُس کی چیک پوائنٹ پر ڈیوٹی کے دوران گزرنے والے مسافروں سے ہمدردانہ سلوک کا اعتراف ہے۔ اس کا یہ عمل اس بات کا اظہار ہے کہ اُس سمیت اُس کے کے ڈیپارٹمنٹ کے دوسرے افراد بھی کس جاں فشانی اور سنجیدگی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی نبھاتے ہیں۔‘‘سالم البدواوی کو اُس کی انسان دوستی کے جذبے کے اعتراف میں حاکم دُبئی کی جانب سے تمغہ سے بھی نوازا گیا ہے۔ البدواوی نے حاکم دُبئی کی جانب سے اس عزت افزائی پر اُن کا بہت شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایثار‘ نیکی ‘ انسانیت کا حترام اور اس جیسی دیگر اعلیٰ اقدار و اوصاف شیخ زاید اور اُن کی اولاد کے ذریعے ہی امارات کے باسیوں میں منتقل ہوئے ہیں۔ ‘‘

متعلقہ عنوان :