اپیلٹ ٹربیونل نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 57 سے امیدوار سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے

بدھ 27 جون 2018 15:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) قومی اسمبلی حلقہ این اے 57 سے امیدوار سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔ اس حوالے سے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے اپیلٹ ٹربیونل نے درخواست گزار کے تمام اعتراضات کو منظور کر لیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ حلقہ این اے 57 سے شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف مسعود احمد عباسی نے درخوست دائر کی تھی۔

درخواست گزار نے شاہد خاقان عباسی کے کاغذات میں ٹمپرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اپیلٹ ٹربیونل نے ریٹرنگ آفیسر کو بھی غلطی تسلیم کرنے پر معطل کر دیا تھا۔ درخواست گزار نے اعتراض کیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے لارنس کالج کے جنگل پر قبضہ کر رکھا ہے، اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون ٹو میں مکان کی ملکیت بھی کاغذات نامزدگی میں کم لکھی گئی ہے،کاغذات نامزدگی میں پہلے ایک سو روپے کا اور بعد ازاں پانچ سو روپے کا اشٹامپ پیپر لگایا گیا۔ اپیلٹ ٹربیونل کے جسٹس عباد الرحمن لودھی نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو بدھ کو سنایا گیا اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے گئے ہیں۔