ٹرائی سیریز کے دوران کیا ہدف ذہن میں ہے،شاداب خان نے بتا دیا

زمبابوین ٹور کی تیاری ہو رہی ہے کھلاڑی ٹریننگ کیمپ میں بھرپور محنت کر رہے ہیں: لیگ سپنر

بدھ 27 جون 2018 15:09

ٹرائی سیریز کے دوران کیا ہدف ذہن میں ہے،شاداب خان نے بتا دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جون 2018 ء) قومی لیگ سپنر شاداب خان کا کہنا ہے کہ زمبابوین ٹور کی تیاری ہو رہی ہے اور کھلاڑی ٹریننگ کیمپ میں بھرپور محنت کر رہے ہیں،تمام پلیئرز نے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کئے جو جسمانی طور پر فٹ ہیں،ٹرائی سیریز کے دوران ٹی ٹوئنٹی کا ٹاپ باﺅلر بننے کا ہدف ہے۔گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کے بعد میڈیا کانفرنس کے دوران شاداب خان کا کہنا تھا کہ سکاٹ لینڈ میں ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا زمبابوے کے دورے میں فائدہ ہوگا کیونکہ وہ جہاں بھی کھیلنے جاتے ہیں تو ان کا سادہ سا ہدف یہی ہوتا ہے کہ بیٹنگ،باﺅلنگ یا فیلڈنگ جہاں بھی ان کی ضرورت ہو قومی ٹیم کیلئے بہتر سے بہتر کارکردگی دکھائی جائے۔

ون ڈے کرکٹ میں دو گیندوں کے استعمال کی نئی بحث پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں اننگز کے دوران دو گیندوں سے کوئی فرق نہیں پڑا کیونکہ انہوں نے تو کرکٹ اس وقت شروع کی جب دو گیندیں ہی استعمال کی جا رہی تھیں۔

(جاری ہے)

قومی لیگ سپنر کا مزید کہنا تھا کہ وہ زمبابوے میں پوری کوشش کریں گے کہ بہترین کارکردگی کی بدولت ٹی ٹونٹی کے ٹاپ باﺅلر بن سکیں اور افغان لیگ سپنر راشد خان کو پیچھے چھوڑ دیں جو اچھی کارکردگی کی بدولت اس وقت سرفہرست ٹی ٹونٹی بالر ہیں۔

یاسر شاہ کی واپسی پر ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی طرح کے دباﺅمیں نہیں بلکہ دعاگو رہیں گے کہ جیسے یاسر شاہ ٹیسٹ میچز میں عمدہ کارکردگی دکھاتے رہے ہیں ویسے ہی ون ڈے میں بھی کامیاب رہیں کیونکہ جو اچھا ہوگا وہی ورلڈ کپ میں کھیلے گا تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ جو روٹ کیخلاف انگلینڈ میں انہیں باﺅلنگ کے دوران مشکلات درپیش رہی تھیں۔ شاداب خان نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ سے قبل انہوں نے پاکستان اے کی جانب سے جو دو ٹورز کئے وہ اس لحاظ سے مفید رہے کہ انہیں پی ایس ایل میں شرکت کیلئے اعتماد مل گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیٹنگ کے دوران انہیں خاص پوزیشن کی کوئی خواہش نہیں بلکہ جہاں ٹیم انتظامیہ بہتر سمجھے گی وہ اسی نمبر پر کھیلیں گے جبکہ سیدھی اور سپاٹ وکٹوں سے مختصر فارمیٹ میں کوئی فرق نہیں پڑتا اور اچھا کھیلنے والی ٹیم کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہے۔