شہباز شریف کا کراچی کو کرانچی اورپان پر تبصرہ، تحریک انصاف نے صدر مسلم لیگ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

عوام نے استقبال کیا لیکن بدلے میں شہباز شریف نے اہل کراچی کی تضحیک کی اور کراچی کوکرانچی کہہ کر مذاق اڑانے کی کوشش کی اورپان کا طعنہ دے کر طنز کے نشتر برسائے ،شہباز شریف تضحیک اور توہین کرکے اہل کراچی پر حکومت کے خواب دیکھ رہے ہیں،پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کا ویڈیو پیغام

بدھ 27 جون 2018 16:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف 2روزہ مشن کراچی کے بعد واپس لاہور لوٹ گئے لیکن گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں کراچی کو کرانچی کہنے اورپان کھانے والے بہن بھائیوںکا تذکرہ کرکے شہرقائد کے باسیوں کو اچھا خاصا ناراض کرگئے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما عمران اسماعیل تو اس بات پر باقاعدہ پھٹ پڑے اور انہوں نے طنز و تنقید سے بھرپور ایک ویڈیو پیغام جاری کردیا۔

اپنے پیغام میں عمران اسماعیل نے کہا کہ عوام نے استقبال کیا لیکن بدلے میں شہباز شریف نے اہلِ کراچی کی تضحیک کی اور کراچی کوکرانچی کہہ کر مذاق اڑانے کی کوشش کی اورپان کا طعنہ دے کر طنز کے نشتر برسائے۔عمران اسماعیل نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پان ہماری ثقافت کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف تضحیک اور توہین کرکے اہل کراچی پر حکومت کے خواب دیکھ رہے ہیں، شہباز شریف کو علم نہیں کراچی بانیان پاکستان کی اولاد ہیں۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ شہباز شریف اب آپ کے کراچی سے انتخاب لڑنے کی کوئی گنجائش نہیں، ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی سے بھی آپ کو بھگائیں گے، شہباز شریف کو کراچی سے شکست فاش ہوگی۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی کراچی والے اپنے دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔