کوہاٹ میں پولیس کاسرچ آپریشن، مسلح ملزمان سمیت28مشتبہ افراد کوحراست میںلیا گیا

بدھ 27 جون 2018 22:50

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) کوہاٹ کے نواحی علاقوں سور گل اور کمرڈھنڈ میںسرچ آپریشن کے دوران مسلح ملزمان سمیت28مشتبہ افراد کوحراست میںلیا گیا ہے۔کاروائی میںگرفتار افراد میںمطلوب اشتہاریوں کو پناہ دینے والے مبینہ سہولت کاربھی شامل ہیں۔سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میںخودکار ہتھیار بھی پکڑے گئے ہیںجبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں زیر حراست افراد کے خلاف مقامی تھانے میں مقدمات درج بھی کرلئے گئے ہیں۔

ضلعی پولیس سربراہ سہیل خالد کی خصوصی ہدایت پرقومی ایکشن پلان کے مطلوبہ اہداف کا حصول یقینی بنانے کے سلسلے میں پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب روپوش اشتہاریوں اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او کی طرف سے امن وامان کی مجموعی صورتحال برقرار رکھنے اور جرائم میں ملوث قانون شکن عناصر کو سختی سے کچلنے کی واضح حکمت عملی کے تحت ضلعی پولیس نے انسداد جرائم کے حوالے سے جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے تسلسل میںبدھ کے روز کوہاٹ شہر کے جنوب مشرق میں واقع نواحی علاقوں سور گل اور کمر ڈھنڈکی آبادی کا محاصرہ کرتے ہوئے ٹارگٹڈ مقامات پر تلاشی آپریشن کا انعقاد کیا۔

حساس اطلاعات کی بنیاد پر منعقدہ آپریشن کے دوران ڈی ایس پی صدر ظاہر شاہ اور ایس ایچ او تھانہ جرما انسپکٹر عظمت خان کی قیادت میںپولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے روپوش اشتہاریوں کے گھروں سمیت جرائم پیشہ افراد کے ممکنہ ٹھکانوں پر اچانک چھاپے مارے جسکے نتیجے میں چھ مسلح ملزمان سمیت 28مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ زیر حراست افرادمیں اشتہاری مجرموں کو پناہ دینے والے دو سہولت کار بھی شامل ہیںجنکے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔

سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائی میں پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،ایک بندوق ،آٹھ پستول اورمختلف بور کے سینکڑوں کارتوس برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔کاروائی میں آپریشنل ٹیموں کو بم ڈسپوزل سکواڈ،کھوجی کتوں،خواتین پولیس ،سراغ رساں ادارے کے اہلکاروں اور جدید ہتھیاروں سے لیس بکتر بند گاڑیوں کی مدد بھی حاصل رہی جبکہ آپریشن کے وقت ان علاقوں کی طرف آنے جانے والے راستوں کی سخت ناکہ بندی کرکے کسی کو بھی بغیر تلاشی اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور کاروائی میں زیر حراست افراد کو چھان بین کیلئے سخت سیکیورٹی میںمتعلقہ تھانے منتقل کردیا گیاجہاں ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :