فرانس نے یوراگوئے کو 0-2 سے شکست دے کر 12 سال بعد عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا

ہاف کے اختتام سے قبل مارٹن سیسیرس نے شاندار ہیڈر کے ذریعے مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کی ،ْاس کاوش میں کامیاب نہ ہو سکے

جمعہ 6 جولائی 2018 22:34

فرانس نے یوراگوئے کو 0-2 سے شکست دے کر 12 سال بعد عالمی کپ کے سیمی فائنل ..
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2018ء) فرانس نے فیفا ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں یوراگوئے کو 0-2 سے شکست دے کر 12 سال بعد عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔روس کے شہر نزنی نووگورڈ میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میچ 1998 کے ورلڈ کپ جیتنیوالی فرانس اور دو مرتبہ کی سابق عالمی چمپئن یوراگوئے کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔

میچ سے قبل ہی یوراگوئے کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا اور گزشتہ میچ میں پرتگال کے خلاف دو گول اسکور کرنے والے ایڈنسن کوانی انجری کے سبب میچ سے باہر ہو گئے۔میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور گول کرنے کی کوششیں کیں لیکن فنشنگ نہ ہونے کے سبب ہاف کے ابتدائی حصے میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

بالآخر فرانس کی ٹیم کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب میچ کے 40ویں منٹ میں رافیل ویرین نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ہاف کے اختتام سے قبل مارٹن سیسیرس نے شاندار ہیڈر کے ذریعے مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس کاوش میں کامیاب نہ ہو سکے۔میچ کے دوسرے ہاف میں یوراگوئے کی ٹیم میچ میں واپسی کر سکتی تھی تاہم ان کے گول کیپر کی سنگین غلطی نے دو مرتبہ کی سابق چیمپیئن ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

فرانس کے اسٹار انٹونیو گریزمین نے یوراگوئے کے گول کی جانب ہٹ ماری جو سیدھی گول کیپر کے ہاتھوں میں گئی لیکن یوراگوئے کیلئے 102واں انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے فرنینڈو مسلیرا اسے روک نہ سکے اور گیند ان کے ہاتھ سے لگ کر گول میں جا پہنچی۔اس کے بعد یوراگوئے نے نسبتاً جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میچ میں واپسی کی کوشش کی اور اسی کوشش میں میچ کے اختتام سے 8منٹ قبل فرانس کے کائلیان ایمباپے اور کرسٹین روڈریگوئز کے درمیان جھڑپ ہو گئی اور یہ معاملہ اس وقت مزید خراب ہو گیا جب یوراگوئے کے کپتان ڈیاگو گوڈن بھی اس جھڑپ کا حصہ بن گئے تاہم ریفری نے مداخلت کر کے معاملہ رفع دفع کرانے کے ساتھ ساتھ ایمباپے اور روڈریگوئز کو پیلا کارڈ دکھا دیا۔

جب ریفری نے میچ کے اختتام کا اعلان کیا تو 2-0 صفر کا اسکور فرانس کی فتح کا اعلان کر رہا تھا جبکہ یوراگوئے کی ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔فرانس کی ٹیم 12سال بعد عالمی کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی جہاں اس سے قبل آخری بار فرانسیسی ٹیم نے 2006 میں سیمی فائنل کھیلا تھا اور فائنل میں اٹلی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

متعلقہ عنوان :