پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی

شعیب ملک اور فخر زمان کی جارحانہ اننگز کے باعث پاکستان نے 183 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19.2 اوورز میں حاصل کرلیا فاسٹ بولر محمد عامر نے 3، شاداب خان 2، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ،ْ فخر زمان کو شاندار کارکر دگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا

اتوار 8 جولائی 2018 17:10

ہراری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2018ء) پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی ،ْشعیب ملک اور فخر زمان کی جارحانہ اننگز کے باعث پاکستان نے 183 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19.2 اوورز میں حاصل کرلیا ،ْفاسٹ بولر محمد عامر نے 3، شاداب خان 2، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ،ْ فخر زمان کو شاندار کارکر دگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

اتوار کو ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا تو قومی ٹیم کو صرف 2 کے مجموعی اسکور پر 2 کھلاڑیوں کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت کوئی اسکور نہ بنا سکے، چوتھی وکٹ پر کپتان سرفراز احمد اور فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 رنز کی شراکت قائم کی۔

کپتان زیادہ دیر تک فخر زمان کے ساتھ شراکت قائم نہ کر سکے اور رن آؤٹ ہوگئے، پھر شعیب ملک نے انٹری دی اور میچ کو جیت کی طرف لے جاتے ہوئے 105 رنز کی شراکت قائم کی لیکن فخر زمان سنچری بنانے میں ناکام رہے لیکن نمایاں 91 رنز بنائے۔ فخرزمان کے بعد شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 43 رنز بنائے، شعیب ملک اور فخر زمان کی جارحانہ اننگز کے باعث پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 183 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اس سے قبل کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تو فنچ الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔اوپننگ بلے باز آرکی شارٹ 76، کپتان ایرون فنچ 47 اور ٹریوس ہیڈ 19 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ،ْ 4 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ فاسٹ بولر محمد عامر نے 3، شاداب خان 2، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

گرین شرٹس کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کا فائدہ کینگروز بلے بازوں نے بھرپور انداز سے اٹھایا، اننگز میں گرین شرٹس کی جانب سے 3 کیچز چھوڑے گئے۔اوپننگ بلے باز ایرون فنچ اور آرکی شارٹ نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف زبردست اسٹروکس کھیلے اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 95 رنز جوڑے اور اس دوران ایرون فنچ کا کیچ شعیب ملک اور آرکی شارٹ کا ایک کیچ آصف علی نے چھوڑا۔

ایرون فنچ 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں شاداب خان نے میدان بدر کیا۔پاکستان کی جانب سے 2 تبدیلیاں کی گئی اور اوپنر حارث سہیل کی جگہ نوجوان کھلاڑی صاحبزادہ فرحان کو ڈیبو کرانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ عثمان شنواری کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیاادھر آسٹریلیا کی جانب سے فائنل میچ کیلئے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

متعلقہ عنوان :