سری لنکن ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 287 رنز بناکر آئوٹ،

کرونارتنے کی شاندار بیٹنگ ناقابل شکست 158 رنز بنائے، رابادا نے چار، شمسی نے تین ، فلینڈر اور سٹین نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، پروٹیز نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 4 رنز بنالئے

جمعرات 12 جولائی 2018 19:51

سری لنکن ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 287 ..
گال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) کرونارتنے کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 287 رنز بنالئے، جنوبی افریقہ نے جواب میں پہلے روز کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 4 رنز بنالئے اور اس کو آئی لینڈرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 283 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اسکی 9 وکٹیں ابھی باقی ھیں۔

پروٹیز بائولرز نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا جس کے سامنے کرونارتنے کے علاوہ کوئی بھی آئی لینڈر بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور یکے بعد دیگرے پویلین کی طرف لوٹتے چلے گئے، چار سری لنکن بلے باز دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے، کرونارتنے نے اس موقع پر اپنی ٹیم کو سہارا دیا اور بہت اعتماد کے ساتھ پروٹیز بائولرز کا سامنا کیا اور اس دوران انہوں نے اپنی سنچری بھی مکمل کرلی۔

(جاری ہے)

انہوں نے نہ صرف اپنے ٹیسٹ کیریئر کی آٹھویں سنچری مکمل کی بلکہ ناقابل شکست 158 رنز بنائے، گناتھیلاکا نے 26 اور کوسل مینڈس نے 24 رنز بنائے انکے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بلے باز پروٹیز بائولرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہا، جنوبی افریقہ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے رابادا نے چار، شمسی نے تین جبکہ فلینڈر اور سٹین نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک سائوتھ افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 4 رنز بنا لئے، مارک رام بغیر کوئی رن بنائے رنگنا ہیراتھ کی گیند پر اینجلومیتھیوز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ ایلگر 4 اور مہاراج صفر پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان جمعرات کو گال سٹیڈیم میں شروع ہوا تو میزبان ٹیم کے کپتان لکمل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کی طرف سے گناتھیلاکا اور کرونارتنے نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز بنے تاہم گناتھیلاکا 26 رنز بناکر رابادا کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، ڈی سلوا 11 رنز بناکر شمسی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، کوسل مینڈس 24 رنز بناکر ڈیل سٹین کی گیند پر رابادا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، انجیلو میتھیوز کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور ایک رن بناکر رابادا کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ، روشن سلوا بغیر کوئی رن بنائے رابادا کی گیند پر مارکرام کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، وکٹ کیپر ڈک ویلا 18 رنز بناکر شمسی کی گیند پر آملہ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ، پریرا ایک رن بناکر فلینڈر کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، ہیراتھ ایک رن بناکر رن آئوٹ ہوگئے، کپتان لکمل 10 رنز بناکر رابادا کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، ساندا کان آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 25 رنز بناکر شمسی کی گیند پر ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

کرونارتنے نے ایک اینڈ پر اپنی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جار رکھا اور اس دوران انہوں نے اپنی ٹیسٹ کیریئر کی آٹھویں سنچری بھی مکمل کرلی۔ وہ 158 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے رابادا نے چار، شمسی نے تین جبکہ فلینڈر اور سٹین نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں پروٹیز کی طرف سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرام نے اننگز کا آغاز کیا جو کچھ خاص نہ تھا پروٹیز ٹیم کو پہلا کھلاڑی ایڈن مارکرام کوئی رن بنائے بغیر ہیراتھ کی گیند پر میتھیوز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔