ووٹ دو جنت لو

مولانا فضل الرحمان کی جماعت نے ووٹ کے بدلے جنت کی ذمہ داری لے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 12 جولائی 2018 21:59

ووٹ دو جنت لو
پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-12جولائی 2018ء ) :ووٹ دو جنت لو، مولانا فضل الرحمان کی جماعت نے ووٹ کے بدلے جنت کی ذمہ داری لے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018 میں چند دن باقی رہ چکے ہیں ،اس موقع پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔اداروں نے بھی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔بیلٹ پیپر کی چھپائی کا کام تیزی سے جاری ہے تو دوسری جانب انتخابی عملے کی تربیت کے مراحل بھی مکمل کر لئیے گئے ہیں۔

اس موقع پر سیاسی جماعتیں بھی اپنے سیاسی مخالفین کو دھول چٹانے کی بھرپور کوشش میں لگ گئی ہیں۔بڑے بڑے سیاسی اور پاور شو کئیے جانے کاسلسلہ بھی جاری و ساری ہے جبکہ مقامی قیادت بھی بھرپور کارنر میٹنگز کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ۔گزشتہ الیکشن کی طرح اس الیکشن میں بھی پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کو اپنی اپنی انتخابی مہم چلانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھواں دار قسم کے اشتہارات تیار کرکے چلوائے جارہے ہیں۔ان اشتہارات میں مخالفین پر کیچڑ اچھالا جارہا ہے۔تاہم کچھ سیاسی و مذہبی جماعتیں اس الیکشن میں مذہب کارڈ استعمال کرنا چاہ رہی ہیں جن میں ایم ایم اے ،تحریک لبیک اور دیگر سرفہرست ہیں۔یہ جماعتیں ووٹ کے بدلے اپنے ووٹرز کو جنت تک کی گارنٹی دے رہیں۔

پہلے پہل تو اس نعرے کا تعلق تحریک لبیک تک محدود تھا اور انکی مساجد کے باہر اور انکے رہنما اکثر اپنی تقاریر میں اس قسم کا تاثر دیتے تھے تاہم اب یہی تصور باقی جماعتیں بھی اپنانے لگی ہیں۔جمیعت علمائے اسلام (ف) نے بھی ووٹ کے بدلے جنت کی نوید سنا دی ہے۔خیبرپختونخواہ کے دور دراز کے علاقے سے ایک تصویر منظر عام پر آئی ہے ۔
جہاں جمیعت علمائے اسلام کے جھنڈے ،انتخابی نشان کے ساتھ دیوار پر جنت کی نوید بھی درج ہے۔لکھی ہوئی ععبارت کا متن ہے کہ ووٹ کے بدلے جنت کی ذمہ داری۔اس قسم کے مذہبی نعروں کا سیاست میں استعمال کتنا درست ہے اس کا فیصلہ کرنا عوام کی ذمہ داری ہے۔