ووٹروں اور سیاسی جماعتوں کے اعتماد میں اضافے کے لئے اقدامات ضروری ہیں تاکہ ٹرن آئوٹ زیادہ رہے‘ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو جامع منصوبے کے تحت کام کرنا چاہیے‘ دھاندلی کی روک تھام کے لئے الیکشن کمیشن کو اقدامات یقینی بنانے چاہئیں‘ سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق اور سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

جمعہ 13 جولائی 2018 11:00

ووٹروں اور سیاسی جماعتوں کے اعتماد میں اضافے کے لئے اقدامات ضروری ہیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن اور نگران حکومتوں کی جانب سے موثر کردار کی ضرورت اور اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے اس رائے کا اظہار کیا کہ ووٹروں اور سیاسی جماعتوں کے اعتماد میں اضافے کے لئے اقدامات ضروری ہیں تاکہ ٹرن آئوٹ زیادہ رہے۔

سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو جامع منصوبے کے تحت کام کرنا چاہیے۔ الیکشن کمیشن کو آزادانہ طور پر کام کرنا چاہیے اور یہ تاثر نہیں ہونا چاہیے کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص یا پارٹی کا الیکشن کمیشن پر اثر نہیں ہونا چاہیے، صرف آزادانہ الیکشن کمیشن ہی ووٹروں کا اعتماد بڑھا سکتا ہے اور ٹرن آئوٹ میں اضافہ ممکن ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ دھاندلی کی روک تھام کے لئے الیکشن کمیشن کو اقدامات یقینی بنانے چاہئیں اور اس مقصد کے لئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور اس پر مکمل عملدرآمد کرانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ ڈے پر کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کو مناسب طور پر چیک کرنا ضروری ہے اور اگر کسی پولنگ ایجنٹ کی طرف سے اعتراض سامنے آئے تو اسی وقت اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔

این اے 125 سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ثابت قدمی اور آزادانہ طور پر اپنا کام کرنا چاہیے اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ انتخابات کے انعقاد کے ضمن میں الیکشن کمیشن اور نگران حکومت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کے چیئرمین سرور باری نے بتایا کہ ان کی تنظیم کو حاصل اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 130 اضلاع کے 90 فیصد پارٹی عہدیداروں نے اس بات کا اظہار کیا کہ انتخابات کے لئے یکساں ماحول فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف سمیت کئی جماعتوں کے پارٹی عہدیداروں نے الیکشن کمیشن کے کردار اور تمام امیدواروں کو یکساں ماحول فراہم کرنے کی تصدیق کی ہے۔