تحصیل خدوخیل بونیر سے پیپلزپارٹی نے اے این پی کی حمایت کا اعلان کر دیا

پیر 16 جولائی 2018 23:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ اے این پی کی پوزیشن مضبوط ہے اور انتخابات میں بھرپور عوامی اعتماد سے کامیابی حاصل کرے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران تحصیل خدوخیل پی کی22بونیر میں پیپلزپارٹی تحصیل خدوخیل کی کابینہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر پیپلزپارٹی کی کابینہ نے شوکت خان ،شاہد سلیم اور عارف علی سمیت انتخابات میں اے این پی کی حمایت کا اعلان کیا ،سردار حسین بابک نے پیپلزپارٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اے این پی صوبے کی مضبوط اور منظم قوت ہے اور اسے ختم کرنے کے دعوے کرنے والوں کا نام و نشان نہیں رہے گا ، انہوں نے کہا کہ مخالفین اے این پی کی مقبولیت سے خائف ہیں اور مختلف حلقوں میں پیسے اور دیگر اشیاء سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کر رہے ہیں ،الیکشن کمیشن کو ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے ، سردار حسین بابک نے کہا کہ بعض افراد اخلاقی اور نظریاتی سیاست پر بد نما داغ بن چکے ہیں تاہم عوام 25جولائی کو ایسے ناسور کا صفایا کر دیں گے ،انہوں نے کہا کہ علماء کرام سمیت تمام صاحب الرائے مشران کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام میں شعور اجاگر کریں اور سیاست کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنے والوں کی بیخ کنی کریں، انہوں نے کہا کہ اے این پی کے انتخابی منشور پارٹی کے منشو کا مقصد عوام میں اے این پی کے اغراض و مقاصد کے شعور کو اجاگر کرنا ہے،انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم کے حوالے سے جامع پلان ہے اور ترجیحی بنیادوں پر ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی اور صوبائی حلقے میں کالج بنایا جائے گا،پرائمری تعلیم کے مالی اور انتظامی معاملات مقامی حکومتوں کے سپرد کئے جائیں گے، صحت کے لئے جی ڈی پی کا چھ فیصد مختص کیا جائے گا،طلبہ و طالبات کو تعلیمی وضائف بھی دیئے جائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس بنائے جائنگے، سردار حسین بابک نے حمایت کرنے پر تحصیل خدوخیل کے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ۔