اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 20 پیسے کا اضافہ

20 پیسے کے اضافے کے بعد ڈالر 130 روپے 70 پیسے کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 21 جولائی 2018 16:02

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 20 پیسے کا اضافہ
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جولائی 2018ء) : کاروباری ہفتے کے اختتام پر بھی ڈالر کی قیمت میں 20 پیسے کا اضافہ ہو گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 20 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 130 روپے 70 پیسے کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ رواں ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں یہ چوتھا اضافہ ہے۔ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پر بات کرتے ہوئے صدر فاریکس ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے منفی اثر پڑا ۔

انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں کام 20 فیصد رہ گیا ۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 130 روپے 70 پیسے ہو گئی جبکہ انٹربنک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 128.50 روپے کی سطح پر مستحکم ہے۔ آج صبح موصول ہونے والی خبروں کے مطابق ڈالر کی اس اُونچی اُڑان میں انٹرنیشنل مافیا کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈالر کی اُونچی اُڑان میں ملوث انٹر نیشنل مافیا کے پیچھے پاکستان مخالف قوتوں کا اہم کردار ہے جبکہ پاکستان کے اندر موجود پانچ بڑے سرمایہ کار بھی اس گروپ اور مافیا کا حصہ ہیں۔

ڈالر کس وقت کتنا مہنگا ہونا ہے اور کس وقت سستا ہونا ہے، با اثر ما فیا نہ صرف اس سے آ گاہ ہو تا ہے بلکہ ڈالر مہنگا ہونے پر مارکیٹ سے غائب اور سستا ہو نے پر مارکیٹ میں ایک روز پہلے آ جاتا ہے ۔ ثبوتوں میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ ایک منصوبے کے تحت ڈالر کو مہنگا کیا جا رہا ہے۔ اس انکشاف کے مطابق پاکستان کے اندر روپے کی قیمت کو گرانے کا منصوبہ چھ ماہ پہلے بن چکا تھا اور اس منصوبہ میں دو وفاقی سابق وزرا ،چھ بینکرز ، اور بڑے سرمایہ کار گروپ بھی شامل تھے اور اس حوالے سے لندن میں ایک اہم میٹنگ ہو چکی تھی اور اس میں باقاعدہ ایک انٹر نیشنل ادارے کے دو افراد بھی شامل تھے۔

با وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت ڈالر کی قیمت 115روپے تھی اس وقت ڈالر مہنگا کرنے کی سازش میں شامل مافیا نے ڈالر کو مارکیٹ سے اُٹھانا شروع کر دیا تھا اور ایک پلاننگ کے تحت پاکستان کے اندر ایسی سرمایہ کاری کروائی گئی تھی کہ جن کی شرائط میں یہ چیز شامل تھی کہ رقم کی واپسی تین ماہ بعد ہو گی اور اس واپسی میں رقم اس ڈالرز میں اور اس وقت کی قیمت کے مطابق دی جائے گی ،ڈالر کی قیمت بڑھانے والا مافیا تین چیزوں پر کام کر رہا ہے ایک یہ کہ وہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے ،دوسرا یہ کہ پاکستان کے قرضوں کو بڑھایا جائے اور تیسرا یہ کہ پاکستان تحریک انصاف کی متوقع حکومت بننے کی صورت میں اسے معاشی عدم استحکام کا نشانہ بنایا جا سکے۔