جرمنی میں دہشت گردی کے متاثرین کے لیے زر تلافی پہلے سے تین گنا

دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہر فرد کے گھر والوں کو تیس تیس ہزار یورو دیے جائیں گے،جرمن حکومت

اتوار 22 جولائی 2018 11:50

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) جرمن حکومت نے دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے پسماندگان کے لیے زر تلافی تین گنا کر دیا ۔ اس فیصلے کا اطلاق ماضی میں ہوئے ایسے حملوں کے ہلاک شدگان کے اہل خانہ پر بھی ہو گا، جنہیں ایسی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن حکومت نے کہا کہ دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والے ہر فرد کے گھر والوں کو تیس تیس ہزار یورو دیے جائیں گے۔

پہلے وفاقی حکومت کی طرف سے ایسے متاثرین کے اہل خانہ کو یک مشت دس ہزار یورو زر تلافی دیا جاتا تھا۔جرمن کمشنر برائے متاثرین ایڈگر فرانکے نے جرمن پارلیمان کے سال 2018 بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے بہن بھائیوں کو پانچ ہزار یورو کے بجائے پندرہ ہزار یورو کا معاوضہ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک جرمن روزنامے کو انٹرویو دیتے ہوئے فرانکے نے کہا کہ یہ رقوم 2016 میں برلن میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے بارہ افراد کے لواحقین کو بھی فراہم کی جائیں گی اور ان شہریوں کے پسماندگان کو بھی، جو نیو نازی دہشت گرد گروہ این ایس یو کے حملوں میں ہلاک ہوئے تھے۔

فرانکے نے مزید کہا کہ ملک سے باہر موجود جرمن شہری بھی اگر کسی دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہو جاتے ہیں، تو ان کے اہل خانہ بھی اس زر تلافی کے حق دار ہوں گے۔فرانکے کے مطابق تقریباتین سو گھرانوں کو یہ رقوم فراہم کی جائیں گی اور مستقبل میں اگر کسی دہشت گردانہ حملے میں کسی بچے کی ماں یا اس کا باپ ہلاک ہو جاتا ہے، تو اس کی امداد کے لیے فی کس 45 ہزار یورو اضافی بھی دیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :