حکومت نے 18 ویں ایشین گیمز میں شرکت کیلئے 17 کھیلوں کے مقابلوں میں 140 آفیشلز اور کھلاڑیوں کو سرکاری خرچے پر بھیجنے کی منظوری دیدی

باقی شرکت کرنے والی ٹیموں کے اخراجات فیڈریشنز خود یا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کرے گی ،ْ ترجمان پاکستان سپورٹس بورڈ

اتوار 22 جولائی 2018 12:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) حکومت نے 18 ویں ایشین گیمز شرکت کے لئے 17 کھیلوں کے مقابلوں میں 140 آفیشلز اور کھلاڑیوں کو سرکاری خرچے پر بھیجنے کی منظوری دے دی ہے ، بقایا شرکت کرنے والی ٹیموں کے اخراجات فیڈریشنز خود یا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کرے گی اور اگر ان میں سے کوئی ٹیم میڈلز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اس کے بھی تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اور ترجمان نے بتایاکہ حکومت نے یہ فیصلہ 2014ء میں کوریا کھیلی گئی 17 ویں ایشین گیمز میں سرکاری خرچے پر بیجھنے والی 140 کی تعداد (کھلاڑیوں اور آفیشلز ) 17 کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کو مدد نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

گذشتہ ایشین گیمز میں پاکستان نے 23 کھیلوں کے مقابلوں شرکت کی، سرکاری خرچے پر 17 کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا ان میں بیڈمنٹن، باکسنگ، جمناسٹک، ہاکی، کبڈی، کراٹے، روئنگ، شوٹنگ، سکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، والی بال، ویٹ لیفٹنگ، ریسلنگ، ووشواور جوڈو شامل تھیں۔

(جاری ہے)

بقایا 6 کھیلیں جن میں آرچری، بیس بال، کرکٹ، فٹ بال، رگبی اور ایقویسٹرن شامل تھیں،کے اخراجات پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے برداشت کئے تھے، انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں اپنے یا پی او اے کے خرچے پر شرکت کرنے والی ٹیم اگر میڈلز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اس کے بھی تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، جوڈو کے کھلاڑیوں کو ایشین گیمز میں بھجوانے کے حوالے سے اعظم ڈار نے بتایا کہ اس سلسلہ میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا اجلاس (آج)پیر کو لاہور میں ہوگا جس میں ایشین گیمز میں شرکت کے لئے ٹیموں کے دستہ کو آخری شکل دی جائے گی، اس کے بعد پاکستان سپورٹس بورڈ جوڈو کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لگائے گا، ایشین گیمز میں کارکردگی اورمیڈلزحاصل کرنے کی توقعات حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑی بھرپور محنت کریں تو 10 کھیلوں کے مقابلوں میں میڈلز حاصل کئے جا سکتے ہیں جن میں اتھلیٹکس ( جیولین تھرو، 400 میٹر رکاوٹی دوڑ اور 400×4 ریلی)، بیس بال، ہاکی، جوجٹسو، کبڈی، کراٹی(سعدی عباس)، سکواش،جوڈو، ووشواور رگبی شامل ہیں، تعداد بڑھانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کی اعلی احکام سے بات چیت جاری ہے اور ان کی بھی کوشش ہے کہ اس تعداد کو بڑھایا جائے، 18 ایشین گیمز 18 اگست سے 2 ستمبر تک جکارتہ انڈونیشیاء میں کھیلی جائے گی،ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں جاری ہیں۔