ایران کے خلاف جنگ سے خوفزدہ نہیں ہیں،امریکی وزیرخارجہ کی وضاحت

امریکا ایرانی عوام کی آواز کی حمایت کرے گا جس کو طویل عرصے تک نظر انداز کیا گیا،خطاب

پیر 23 جولائی 2018 22:18

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن ایرانی نظام کو اعلی ترین سطح پر نشانہ بنانے سے خوف زدہ نہیں ہے۔ یہ نظام ایرانی عوام کے لیے ایک بھیانک خواب کی حیثیت رکھتا ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق کیلیفورنیا میں ایرانی کمیونٹی کے سامنے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی رہ نماؤں کی دولت اور ان کی بدعنوانی سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کو کوئی حکومت نہیں بلکہ مافیا سے ملتی جلتی چیز چلا رہی ہے۔

پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی صدر روحانی اور وزیر خارجہ ظریف بین الاقوامی سطح پر مٴْلّائیت کے فریبی نظام کے دو چمکتے دمکتے چہرے ہیں۔امریکی وزیر خارجہ نے ایران میں احتجاج کرنے والوں کے لیے اپنی سپورٹ باور کراتے ہوئے کہا کہ یہ امر ایرانیوں سے وابستہ ہے کہ وہ اپنے ملک کے مستقبل کا تعیّن کریں۔

(جاری ہے)

پومپیو نے زور دے کر کہا کہ امریکا ایرانی عوام کی آواز کی حمایت کرے گا جس کو طویل عرصے تک نظر انداز کیا گیا۔

امریکی وزیر خارجہ کے مطابق ان کا ملک یہ امید رکھتا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک چار نومبر تک ایرانی تیل سے متعلق اپنی برآمدات صفر کی سطح کے قریب ترین پہنچا دیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو پہلوتہی کرنے والے ممالک کو بھی امریکا کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔پومپیو نے انکشاف کیا کہ امریکی حکومت چوبیس گھنٹے چلنے والے فارسی زبان کے ایک ٹی وی چینل اور ریڈیو اسٹیشن کا آغاز کرے گی، ان کے علاوہ ڈیجیٹل آلات اور سوشل میڈیا کو بھی استعمال میں لا کر ایران اور دنیا بھر میں ایرانی باشندوں تک پہنچا جائے گا۔