باغبانوں کو آم کے نئے پودے لگانے کا عمل وسط ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 31 جولائی 2018 16:33

فیصل آباد۔31جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2018ء) ماہرین زراعت نے باغبانوں کو آم کے نئے پودے لگانے کا عمل فوری شروع کر کے وسط ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہا ہے کہ جو باغبان و کاشتکار آم کے نئے پودے لگانا چاہتے ہوں وہ مذکورہ مدت کے دوران نئے پودے لگا لیں تاکہ ان کی بروقت بڑھوتری کا سلسلہ شروع ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ اگست نئے پودے لگانے کیلئے انتہائی موزوں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ باغات میں لگانے کیلئے آم کے ایسے پودوں کا انتخاب کیا جائے جو درمیانے قد کے ہوں اور ان کی عمر 3 سال سے زائد نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ روٹ سٹاک اور سائن کی موٹائی تقریباً برابر ہونی چاہیے ، پودے چھتری نما اور ان کی تین سے چار شاخیں ہوں ۔ انہوںنے بتایاکہ پیوندکی اونچائی زمین سے 20 سے 30سینٹی میٹر ہو اورپودا نرسری میں تبدیل شدہ ہو یا اس کی جڑ نیچے سے کاٹی گئی ہو جس کا تنا بھی زخمی نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پودوں کی گاچی 25 سینٹی میٹر چوڑی اورلمبائی 30سے 35میٹر تک ہو ۔ انہوںنے کہاکہ آم کے پودے کو تھرپس ، سکیل، ملی بگ سمیت مختلف کیڑوں سے پاک ہوناچاہیے ۔ ماہرین زراعت نے بتایاکہ مربع نما طریقہ سے پودے سے دوسرے پودے اورایک قطار سے دوسری قطار کا فاصلہ ہمیشہ برابر ہونا چاہیے تاکہ آم کے پودے کی بڑھوتری متاثرنہ ہو۔

متعلقہ عنوان :