ایس ای سی پی میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں تیس فیصد اضافہ، 1076 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں

جمعرات 2 اگست 2018 18:31

ایس ای سی پی میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں تیس فیصد اضافہ، 1076 نئی کمپنیاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2018ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے جولائی میں کل 1076نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں جو کہ گزشتہ سال کے اس ماہ کے مقابلے میں تیس فیصد زیادہ ہیں۔اب رجسٹرڈکمپنیوں کی تعداد اٹھاسی ہزا ر سات سو ایک ہو گئی ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لئے کی گئی اصلاحات اور رجسٹریشن کی فیسوں میں نمایاں کمی کے باعث رجسٹریشن کے رجحان میں اضافہ ہواہے۔

رجسٹریشن حاصل کرنے والی تہتر فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں جبکہ چوبیس فیصد سنگل ممبر اورتین فیصد کمپنیوں نے بطور پبلک ان لسٹڈ، غیر منافع بخش،غیر ملکی اور لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپ شامل ہیں۔ سب سے زیادہ کمپنیاں تجار ت کے شعبے میں رجسٹر ہوئیں ان کی تعدا د ایک سو ستانوے ہے۔

(جاری ہے)

تعمیرات میں ایک سو پینتیس،خدمات میں ایک سو چھبیس، آئی ٹی ایک سو گیارہ، سیاحت میں چھیالیس، رئیل اسٹیٹ میں پینتیس، تعلیم، مارکیٹنگ اور ڈویلپمنٹ شعبوں میں سے تینتیس تینتیس، انجینئرنگ میں بتیس، کارپوریٹ ایگری کلچر فارمنگ میں اکتیس،خوراک و مشروبات میں پچیس کمپنیا ں رجسٹر ہوئیں۔

براڈکاسٹنگ اور ٹیلی کاسٹنگ، ٹیکسٹائیل اور ٹرانسپورٹ میں اٹھارہ اٹھارہ، ایندھن و توانائی اور صحت میں سترہ سترہ، دواسازی میں پندرہ کمپنیا ں رجسٹر ہوئیں۔ کیبل اور برقی سامان اورپیپر اور بورڈ گیارہ گیارہ اور ایک سو سنتالیس کمپنیاں دیگر شعبوں میں رجسٹرڈ ہوئیں۔ علاوہ ازیں،آٹھ غیر ملکی کمپنیاں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں رجسٹر ہوئیں۔

سینتالیس نئی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی۔ ان سرمایہ کاروں کا تعلق آسٹریلیا، چین، جرمنی، جنوبی کوریا، نیدرلینڈز، ناروے، سنگاپور، سپین، تھائی لینڈ، ترکی اور برطانیہ سے ہے۔چار سو بتیس کمپنیاں اسلام آباد، دو سو پچاسی لاہور اور ایک سو پچھہتر کراچی میں رجسٹر ہوئیں۔پشاور، گلگت بلتستان، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور سکھر میں بالترتیب اڑسٹھ، انچاس، تینتیس، اکیس، آٹھ اور پانچ کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔