شاہد آفریدی کا کرس گیل کو سنگل وکٹ کا چیلنج

کرس گیل نے آفریدی کا زیادہ چھکوں کا ریکارڈ برابر کیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 4 اگست 2018 20:56

شاہد آفریدی کا کرس گیل کو سنگل وکٹ کا چیلنج
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اگست 2018 ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے اوپننگ بلے باز کرس گیل کو سنگل وکٹ کھیلنے کا چیلنج دے دیا۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز کرس گیل نے بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 66 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 73 رنز سکور کیے اور اس دوران انہوں نے اب سب سے زیادہ چھکے مار کر شاہد آفریدی کا ریکارڈ برابر کردیا۔

کرس گیل انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 476 چھکے مارنے والے کھلاڑی بن گئے جب کہ اس سے پہلے یہ اعزاز شاہد آفریدی کے پاس تھا جو اب برابر ہوگیا۔ایک انٹر ویو کے دوران گیل کا کہنا تھا کہ ”شاہد آفریدی کا 476 چھکوں کا ریکارڈ برابر کرنا آسان نہیں تھا تاہم اب یہ برابر ہوگیا تو میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ میں پہلا ریکارڈ بنانے والے کو جوائن کرسکا،اب میں مزید چھکے نہیں ماروں گا لہذا بوم بوم کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کا ریکارڈ قائم رہے گا“۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے سوشل میڈیا پر گیل کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”ریکارڈ برابر ہونا میرے لیے کوئی پریشانی کی بات نہیں بلکہ میں آپ کو سراہتا ہوں،آئیے ایسا سنگل وکٹ میچ کھیلتے ہیں کہ جس میں آﺅٹ ہونے کا کوئی قانون نہیں ہو، پھر دیکھتے ہیں کہ کون زیادہ چھکے مار سکتا ہے“۔
واضح رہے کہ کرس گیل نے 476 چھکے مارنے کا ریکارڈ 443 میچز کھیل کر پورا کیا اور ان کی ریٹائرمنٹ میں ابھی کم از کم ایک سال سے زائد کا عرصہ باقی ہے اس لیے یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ یہ اعزاز اپنے نام کرلیں گے۔

شاہد آفریدی نے 476 بار گیند کو باﺅنڈری لائن کے باہر پھینکنے کا اعزاز 524 میچز میں حاصل کیا تھا اور اب چونکہ وہ ریٹائرمنٹ لے چکے لہذا یہ چھن جانے کا بہت زیادہ خطرہ ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے اپنے کیریئر میں ون ڈے انٹرنیشنل میں 351 ، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 73 اور ٹیسٹ میچز میں 52 چھکوں کا ریکارڈ بنایا تھا۔کرس گیل نے اب تک ون ڈے انٹرنیشنل میں 275، ٹی ٹونٹی میں 103 اور ٹیسٹ میچز میں 98 چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔