راس الخیمہ: ایمنسٹی سکیم کے تحت ایک عرب فیملی کو 70 لاکھ درہم کا جرمانہ معاف کر دیا گیا

اماراتی حکام کی توقع سے کہیں زیادہ غیر قانونی افراد نے ایمنسٹی سنٹرز کا رجوع کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 اگست 2018 15:12

راس الخیمہ: ایمنسٹی سکیم کے تحت ایک عرب فیملی کو 70 لاکھ درہم کا جرمانہ ..
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اگست 2018ء) متحدہ عرب امارات میں تین ماہ کے لیے جاری ایمنسٹی سکیم کے تحت اس وقت تک ہزاروں افراد اپنے غیر قانونی رہائشی سٹیٹس کو قانونی حیثیت دے چکے ہیں۔ راس الخیمہ کے ایک امیگریشن سنٹر کی جانب سے ایک عرب خاندان کے ذمے 70 لاکھ اماراتی درہم کا بھاری جرمانہ معاف کر دیا گیا۔ مذکورہ عرب اور اُس کا خاندان 1995ء کے بعد سے مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم تھا۔

یہ خاندان ایک عرب مرد‘ اُس کی بیوی‘ بہن اور چار بچوں پر مشتمل تھا۔ جو گزشتہ 23 سالوں سے امارات میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے۔ رہائشی ویزہ نہ ہونے کے باعث یہ گھرانہ خوف اور مایوسی کی زندگی بسر کر رہا تھا۔ یہاں تک کہ بھاری جرمانوں کے باعث وہ اپنے آبائی وطن لوٹنے سے بھی قاصر تھے۔

(جاری ہے)

حالیہ ایمنسٹی سکیم کے باعث اُن کے ہاتھ اپنا سٹیٹس قانونی بنانے کا سنہری موقع ہاتھ آ گیا۔

انہوں نے دو دہائیوں کے بعد سُکھ اور اطمینان کا سانس لیا ہے۔عرب باشندے نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایمنسٹی سکیم کا اجراء کرنا اُن کی قائدانہ صلاحیتوں کا مُنہ بولتا ثبوت ہے۔ اس فیصلے سے خاص طور پر وہ افراد جو جنگ کے باعث اپنے آبائی وطن نہیں جا رہے تھے‘ اب وہ امن قائم ہونے کے بعد بِنا کسی جرمانے کی ادائیگی کے اپنے مُلکوں کو لوٹ سکتے ہیں۔

ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اُٹھانے والی تاجیک خاتون کا کہنا تھا ’’مجھے اس ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اُٹھانے کے لیے بہت طویل عرصہ انتظار کرنا پڑا کیونکہ مجھ پر عائد جرمانوں کی رقم 5,11,500درہم ہو چکی تھی مگر اماراتی حکام کے فیاضی بھرے فیصلے کے باعث میری تمام پریشانیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔میں اب نئے سرے سے خوشیوں سے بھری زندگی شروع کر سکتی ہوں۔‘‘ راس الخیمہ میں ریزیڈنسی اور فارن افیئرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈیر سلطان یوسف النُعیمی نے بتایا کہ یکم اگست سے جاری ہونے والی ایمنسٹی سکیم کے تحت راس الخیمہ میں سینکڑوں لوگوں کی درخواستوں پر عمل ہو چکا ہے۔ صرف گزشتہ اتوار کے روز ہی مختلف لوگوں پر عائد 13 لاکھ اماراتی درہم کے جرمانے معاف کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :