ضلع ناظم اور نائب ناظم ایبٹ آباد کے انتخاب کیلئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) دونوں جماعتیں متحرک ہو گئیں

ہفتہ 11 اگست 2018 16:15

ضلع ناظم اور نائب ناظم ایبٹ آباد کے انتخاب کیلئے تحریک انصاف اور مسلم ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) ضلع ناظم اور نائب ناظم ایبٹ آباد کے انتخاب کیلئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) دونوں جماعتیں متحرک ہو گئی ہیں۔ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے مسلم لیگ (ن) بھی میدان میں آ گئی، مسلم لیگ (ن) کے اراکین ضلع کونسل کے مشاورتی اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نے انتخابات میں تحریک انصاف کے ناراض اراکین کے ساتھ رابطے کر کے ایک مرتبہ پھر اپنا ضلع ناظم اور نائب ضلع ناظم لا کر سرپرائز دینے کا اعلان کر دیا۔

ضلع ناظم اور نائب ضلع ناظم کے انتخابات 16 اگست کو ہوں گے، ضلع ناظم اور نائب ناظم کے انتخابات کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے بعد مسلم لیگ (ن) کے اراکین ضلع کونسل کا اجلاس جمعہ کو سابق ڈپٹی سپیکر و نو منتخب رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی رہائش گاہ پر ان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے تمام اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نے ضلع ناظم اور نائب ضلع ناظم کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا۔

سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین کے اندر پھوٹ کا مسلم لیگ (ن) کو فائدہ ہو گا، تحریک انصاف کے اراکین سے مسلم لیگ (ن) کے رابطے جاری ہیں، ہم ضلع ناظم اور نائب ضلع ناظم کے انتخابات میں نہ صرف حصہ لیں گے بلکہ 16 اگست کو ایبٹ آباد کے عوام کو سرپرائز دیں گے۔