پاکستانی عازمین حجاج کرام کی سعودی عرب میں شاندار حج انتظامات اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے اقدامات کی تعریف

اتوار 12 اگست 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) پاکستانی عازمین حجاج کرام نے سعودی عرب میں شاندار حج انتظامات اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے اقدامات کی تعریف کی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں موجود پاکستانی عازمہ حج شاہینہ مسعود شاندار انتظامات پر مسرت کا اظہار کیا اور وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے فوری شکایات کے ازالے کے موثر نظام کی تعریف کی۔

ترجمان ڈاکٹر حمزہ کے مطابق دیگر عازمین حج نے بھی وزارت مذہبی امور کی طرف سے سعودی عرب میں فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کی تعریف کی ہے۔ ایک عازم حج احسان شاہد نے عازمین حج کی معاونین حجاج کی طرف سے خدمات کو بھی سراہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زیادہ سے زیادہ عازمین حج کی گنجائش پیدا کرنے کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء پاکستانی عازم حج طارق مجید نے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ وٹس ایپ پیغام جو انگریزی کے ایک موقر اخبار میں شائع ہوا میں غیر معیاری کھانے کی فراہمی اور حج ہیلپ لائن کی غیر موثریت کے حوالے سے شکایت کی ہے۔

اخبار میں شکایت پڑھ کر ڈائریکٹر حج امتیاز شاہ نے فوری طور پر متاثرہ شخص سے رابطہ کیا اور اسکی شکایت کو فوری طور پر دور کیا۔ اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ہیلپ لائن پر کھانے سے متعلق رجسٹرڈ شکایات میں سے 90 سے زائد کو حل کر دیا ہے اور یہ ہیلپ لائن 24 گھنٹے فعال ہے اور حج 2018ء کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچنے والے ایک لاکھ 40 ہزار 110 عازمین حجاج کو سہولت فراہم کرنے کیلئے قائم کی گئی ہے۔

وزارت کھانے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر رہی۔ رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن پر 900 سے زائد فون کالز موصول ہوئی ہیں اور 453 کالز کے ذریعے موصولہ شکایات میں سے 312 کو حل کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ 551 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملہ عازمین حج کو طبی سہولیات فراہمی کیلئے تعینات ہے۔