ایشیئن گیمز، قومی ہاکی ٹیم کا مورال بلند ہے، دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، منیجر حسن سردار

پیر 13 اگست 2018 15:07

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر اولمپئین حسن سردار نے کہا ہے کہ ایشیئن گیمزکیلئے قومی ہاکی ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے، تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور اچھی کارکردگی کیلئے پرعزم ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چار ماہ قبل جب ٹیم ہمیں ملی تھی تو وہ مسلسل شکست سے دوچار ہو رہی تھی اور اپنا اعتماد کھوچکی تھی مگر ہیڈ کوچ رولینڈ آلٹمین، اسسٹنٹ کوچز محمد ثقلین، ریحان بٹ اور فزیکل ٹرینر ڈینیئل بیری نے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور اب ٹیم تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

پچھلے ٹورنامنٹس میں گوکہ ہم کوئی ٹائٹل حاصل نہیں کرسکے مگر ہم نے اولمپک چمپیئن اور ورلڈ نمبر2 ارجنٹائن کو4-1 سے شکست دی، بیلجیئم سے میچ ڈرا کیا، ٹیم کا مورال بہت بلند ہے اور ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

حسن سردار کا مزیدکہنا تھا کہ دنیا میں ہاکی کھیلنے والے ممالک کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے جبکہ ہاکی میں نئے قوانین نافذ ہونے کے بعد کسی بھی ٹیم کوآسان نہیں لیا جا سکتا۔ نو آف سائڈ رول، ٹرننگ اور سوکر کی طرح تیز رفتار کھیل کی وجہ سے کوئی بھی چھوٹی ٹیم اپ سیٹ کرسکتی ہے۔ ایشیئن گیمز میں ملائشیاء، بھارت، جنوبی کوریا اور جاپان سخت حریف ہیں ہم اس میگا ایونٹ میں کامیابی حاصل کرکے اپنی ورلڈ رینکنگ کو بھی بہتر بنانا چاہتے ہیں۔